ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی سے صنعتی پیداوار متاثر ہوگی ‘عرفان اقبال شیخ

بدھ 11 نومبر 2015 19:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 نومبر۔2015ء) پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسو سی ایشنز فرنٹ کے چیئرمین عرفان اقبال شیخ نے اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں اضافہ کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی سے صنعتی پیداوار متاثر ہوگی کیونکہ روپے کی بے قدری کے باعث درآمدی خام مال کی قیمت بڑھے گی جس کی وجہ سے ملک کے اندر ہونے والے مصنوعات کی پیداواری لاگت میں اضافہ ہوگااور ملک میں مہنگائی کی شرح میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔

چیئرمین پیاف نے کہا کہ سٹیٹ بنک اور فاریکس کمپنیاں اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کریں۔ اور ڈالر کی قدر میں اضافہ روکنے کے لیے سخت ترین اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ بہت خوش آئند ہے مگر روپے کی قدر مین کمی پر تشویش ہے۔

(جاری ہے)

عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ ڈالر کی قیمت بڑھنے سے صنعتی پیداوار متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ ملک پر بیرونی قرضوں کا بوجھ بھی بڑھے گا اس لیے ایسے اقدامات کیے جائیں جن کے باعث ادائیگیوں میں تواز ن قائم ہو اور تجارتی خسارہ میں کمی ہو۔

انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قیمت میں مسلسل اضافہ ملکی معیشت کیلئے خطرہ کی گھنٹی ہے ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت ڈالر کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے سخت ترین اقدامات کرے اور ڈالر کی قیمت کو 100روپے سے بڑھنے سے روکے کیونکہ ڈالر کی قیمتوں میں اضافہ سے ملک میں مہنگائی بھی بڑھ رہی ہے۔وائس چیئر مین پیاف تنویر احمد صوفی نے کہاحکومت ڈالر کی قیمت کو کنٹرول کرنے کیلئے مستقل بنیادوں پر اقدامات کرے ، روپے کی ریکارڈ بے قدری سے عوام اپنا سرمایہ ڈالر می منتقل کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں اور عوام کا کرنسی سے اعتبار اٹھ جاتا ہے جس سے روپے کا مستقبل مخدوش ہو سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :