80 فیصد زلزلہ متاثرہ علاقوں کا سروے مکمل ہو گیا‘ وزیر اعظم مانسہرہ میں متاثرین کی مددمیں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں، سی ڈی اے ‘ این اے آر سی کی زمین ہتھیانے کی کوشش کر رہا ہے‘وزیر اعظم کو خط لکھا ہے، یہ کیس اب سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے

وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض پیرزادہ کاسینیٹ اجلاس میں سینیٹر صلاح الدین اور مشاہد حسین کے توجہ دلاؤ نوٹسز کا جواب

بدھ 11 نومبر 2015 19:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 نومبر۔2015ء) وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ مانسہرہ میں زلزلہ متاثرین کی مدد کی جا رہی ہے ‘ وزیر اعظم نواز شریف خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں ‘ مجموعی طور پر 80 فیصد زلزلہ متاثرہ علاقوں کا سروے مکمل کر لیا گیا ہے۔ سی ڈی اے ‘ این اے آر سی کی زمین ہتھیانے کی کوشش کر رہا ہے او رانہوں نے وزیر اعظم کو بھی لکھا ہے۔

مگر اب یہ کیس سپریم کورٹ میں ہے۔ وہ بدھ کو سینیٹر صلاح الدین ترمزی اور سینیٹر مشاہد حسین سید کے توجہ دلاؤ نوٹسز پر جواب دے رہے تھے۔ قبل ازیں سینیٹر صلاح الدین ترمزی ایوان کی توجہ مانسہرہ میں زلزلہ متاثرین کے سروے کے حوالے سے دلاتے ہوئے کہا کہ موسم کی خرابی اور برفباری کی وجہ سے سروے مکمل نہیں ۔

(جاری ہے)

سینیٹر مشاہد حسین سید نے این اے آر سی کے حوالے سے توجہ دلاؤ نوٹس پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ایسا ادارہ بچایا ہے جس پر قبضہ مافیا حکومت کے بعض کارندوں کے ساتھ مل کر قبضہ کرنا چاہتا تھا۔

سینیٹر فرحت اﷲ بابر نے کہا کہ این اے آر سی کی زراعت اور تحقیق کے شعبے میں خدمات کو دیکھتے ہوئے حکومت کو واضح بیان دینا ہو گا۔ آئندہ اس زمین کو قبضہ مافیا سے دور کیا جائے۔ چیئرمین سینٹنے این اے آر سی کی کارکردگی کو سراہا