کیپٹن حسین خان شہید کی قربانی صرف پونچھ نہیں بلکہ پوری ریاست جموں وکشمیر کے لئے ہے،صدر آزادکشمیر

انہوں نے مالی جانی قربانی دیکر ہمارے لیے راہ متعین کر دی ،شہید اعظم نے جس مقصد کے لئے جدوجہد کی ان مقاصد کے حصول تک ہم اسے جاری رکھیں گے، کیپٹن حسین شہید کی 68 ویں برسی کے موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب

بدھ 11 نومبر 2015 19:04

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔11 نومبر۔2015ء) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار محمد یعقوب خان نے کہا کہ کیپٹن حسین خان شہید کی قربانی صرف پونچھ کے لیے نہیں بلکہ پوری ریاست جموں وکشمیر کے لئے ہے انہوں نے مالی جانی قربانی دیکر ہمارے لیے راہ متعین کر دی انہوں نے کہا شہید اعظم نے جس مقصد کے لئے جدوجہد کی ان مقاصد کے حصول تک ہم اسے جاری رکھیں گے وہ ان کے مزار واقع حسین کوٹ میں کیپٹن حسین خان شہید کی 68 ویں برسی کے موقع پر ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے جس سے حریت راہنما غلام محمد صفی اور عبدالحمید لون کے علاوہ وزیر سماجی بہبود محترمہ فرزانہ یعقوب مسلم لیگ ن کے مقامی راہنما ریٹائرڈ سیکرٹری جاوید ایوب ، پیپلز پارٹی کے راہنما سردار محمد حلیم خان ، ڈاکٹر عبدالقدوس جماعت اسلامی کے زاہد رفیق ایڈووکیٹ ابصار ایڈوکیٹ ، مولانا فاروق ، سردار امتیاز ایڈوکیٹ پروفیسر افتخار ، سردار ذاکر خان ، سردار حبیب حسین شاہ ، آفتاب عارف ، ابرار اعظم ، ممتاز حسین ، آصف حسین صوبیدار ریٹائرڈ محمد اعظم خان ، بلال رشید ، زاہد بشیر ، الطاف قادری نے خطاب کیا آزاد کشمیر کے صدر نے کہا کہ موجودہ حالات میں مسلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق ہی ممکن ہے کیپٹن حسین خان شہید نے اس ملک کی آزادی کیلئے جو قربانی دی اسی کی وجہ سے میں آج صدر ریاست کے عہدے پر فائز ہوں ۔

(جاری ہے)

آج اسی تقریب میں حریت راہنماوٴں کی شرکت سے یہ واضع ہو گیا ہے کہ آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کی قیادت کا یہ مشترکہ نصب العین ہے ہم اپنے اسلاف کے ادھورے چھوڑے ہوئے مشن کی تکمیل کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہیں انھوں نے کہا کہ جب میں نے سیاست کا آغاز کیا اور الیکشن مہم شروع کی تو سب سے پہلے کیپٹن حسین خان شہید کے مزار پر حاضری دی یہ کریڈیٹ میری پوری ٹیم کو جاتا ہے ۔

انھوں نے کہا کہ ہم نے آزاد کشمیر میں میڈیکل کالج اور یونیورسٹیاں قائم کرکے شہید کے مشن کی تکمیل کی ہے جو وہ چاہتے وہ تسلسل کے ساتھ پورا کرنے کے لئے آئندہ بھی سر گرم عمل رہیں گے صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ ہندوستان نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کا بازار گرم رکھا ہوا ہے ہندوستان ہمیں مجبور نہ کرے کہ ہم دوبارہ اپنے آب و اجداد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے عملی اقدامات اٹھائیں انہوں نے کہا کہ شہید کپٹن حسین خان کی برسی کے موقع پر پورے آزاد کشمیر میں چھٹی کروانے کی کوششیں کریں گے انھوں نے کہا کہ لوگ بڑی باتیں کرتے ہیں میں نے بانی صدر غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کی برسی پر پورے آزاد کشمیر میں چھٹی کا نوٹیفیکشن جاری کروایا یہ کریڈٹ بھی ہمیں جاتا ہے انہوں نے کہا کہ وقت آنے پر ہم جان و مال کی قربانیاں دینے سے گریز نہیں کریں گے برسی کی اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حریت راہنماوٴں غلام محمد صفی ، عبدالحمید لون نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر ہندوستانی وزیراعظم کو شدید مذمت کا سامنا ہے مقبوضہ کشمیر میں انڈین وزیراعظم کے دورہ کے دوران ہزاروں کشمیریوں کو گرفتار کیا گیا جو ہندوستان کے خلاف ریفرنڈم ہے ۔

تقریب کے اختتام پر کپٹن حسین خان شہید کی روح کے ایصال ثواب کے لیے خصوصی دعا کی گی----