اسلام سمیت تمام مذاہب مظلوم کا ساتھ دینے اور ظالم کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کا پیغام دیتے ہیں،وزیراعظم نواز شریف

گوردوارہ ننکانہ صاحب کی تزئین و آرائش اور حیدر آباد بھگت رام میڈیکل کمپلیکس تعمیر کیا جائیگا ،وزیراعظم کا دیوالی کی تقریب سے خطاب

بدھ 11 نومبر 2015 18:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 نومبر۔2015ء ) وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ اسلام سمیت تمام مذاہب مظلوم کا ساتھ دینے اور ظالم کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کا پیغام دیتے ہیں ۔ حکومت مظلوم کے ساتھ اور ظالم کے خلاف ہے ۔پاکستان میں رہنے والے ہر شخص کو یکساں اور مساوی حقوق حاصل ہیں۔میں کسی ایک کا نہیں بلکہ سب کا وزیر اعظم ہوں اور یقین دلاتا ہوں کہ ظالم کے خلاف ایکشن لوں گا اور مظلوموں کا ہمیشہ ساتھ دوں گا۔

قوم میں اتفاق اور اتحاد پیدا کرنا میرا مشن ہے ۔اقلیتی برادری پاکستان کا حصہ ہیں ۔ ان کے حقوق کا تحفظ کریں گے ۔ اقلیتی برادری اپنے مذہبی تہوار اور خوشیوں میں تمام مذاہب کے لوگوں کو شریک کریں ۔ تمام مذاہب کے لوگ ہم آہنگی کو فروغ دیں ۔

(جاری ہے)

اگر ہم ایک دوسرے کے غم بانٹیں گے اور خوشیوں میں شریک ہوں گے تو بھائی چارگی ، اخوت اور امن کا پیغام عام ہو گا اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو جائے گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو مقامی ہوٹل میں پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ منارٹی ونگ کے تحت ہندوؤں کے مذہبی تہوار دیوالی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان ، وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ، وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف ، سینیٹر مشاہد اﷲ خان ، سندھ کے وزیر برائے اقلیتی گیان چند ایسرانی مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر اسماعیل راہو ، سیکرٹری نہال ہاشمی ، شاہ محمد شاہ ، ڈاکٹر شام سندر ایڈوانی ، کھیل داس کوہستانی اور دیگر موجود تھے ۔

تقریب میں شرکت کے لیے جب وزیر اعظم ہال میں پہنچے تو ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور ان کے حق میں نعرے بازی کی گئی ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آپ سب کو دیوالی کی خوشیاں مبارک ہوں ۔ آج ہندو برادری اپنا مذہبی تہوار منا رہی ہے ۔ میں آپ کی خوشیوں میں شریک ہوں ۔ میں اپنے ہندو دوستوں سے گلہ کرتا تھا کہ مجھے بھی اپنی خوشیوں میں شریک کریں ۔ آج میں آپ کے درمیان موجود ہوں ۔

میں چاہتا ہوں کہ آپ مجھے ہولی میں بھی بلائیں ، مجھ پر رنگ پھینکیں ، یہ رنگ محبت کی علامت ہیں ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مسلمان ، سکھ ، ہندو ، عیسائی ، پارسی سمیت تمام مذاہب کے لوگ اس ملک کا حصہ ہیں ۔ میں آپ سب کا وزیر اعظم ہوں ۔ دنیا کا کوئی مذہب کمزور پر ظلم کی اجازت نہیں دیتا ۔ اسلام سمیت تمام مذاہب مظلوم کا ساتھ دینے اور ظالم کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کا پیغام دیتے ہیں ۔

حکومت مظلوم کے ساتھ ہے اور ظالم کے خلاف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں رہنے ہر شخص کو یکساں اور مساوی حقوق حاصل ہیں ۔ تمام مذاہب کے لوگ ہم آہنگی کے پیغام کو فروغ دیں ۔ ایک دوسرے کے غم بانٹیں ، خوشیوں میں شریک ہوں ۔ اسی طرح آپس ملنا اتحاد کی علامت ہے ۔ ہم ایک قوم ہیں ۔ قوم میں اتفاق اور اتحاد پیدا کرنا میرا مشن ہے ۔ پاکستانی معاشرے کی ترقی میں ہندو برادری نے بڑی خدمات انجام دی ہیں ۔

اس کے علاوہ دیگر مذاہب کے لوگ بھی اسی ملک میں کا حصہ ہیں ۔ اقلیتی برادری نے تعلیم ، صحت ، کھیل اور عدلیہ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔ نامور لوگوں کا تعلق ان شعبوں سے رہا ہے ۔ اقلیتی برادری نے فلاحی سرگرمیوں میں بھی بڑا حصہ لیا ہے ۔ نامور ادارے قائم کیے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میرے والد صاحب کہا کرتے تھے کہ ہندو برادری کے لوگ تجارتی لین دین میں بڑے کھرے ہوتے ہیں ۔

دیوالی کا تہوار اندھیرے سے روشنی کا پیغام ہے ۔ دیوالی کے موقع پر ہندو برادری اپنے غریب لوگوں کی بھی مدد کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دل کا رشتہ تمام رشتوں میں اہم ہوتا ہے کیونکہ اس رشتے سے لوگوں میں بھائی چارگی بڑھتی ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آئیے ہم مل کر عہد کریں کہ ہم اقلیتی برادری کا تحفظ کریں گے اور پورے ملک میں رہنے والے ہر شخص کو یکساں حقوق دلانے میں اپنا کردار ادا کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگی رہنما کھیل داس کوہستانی میرے اچھے دوست ہیں ۔ انہوں نے ہر اچھے برے وقت میں ہمارا ساتھ دیا ہے ۔ انہوں نے گوردوارہ ننکانہ صاحب کی تزئین و آرائش اور حیدر آباد بھگت رام میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر کا اعلان کیا اور کہا کہ میں اور وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ایک ساتھ اس میڈیکل کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ اس موقع پر ڈاکٹر شام سندر ایڈوانی نے کہا کہ دیوالی محبت کا پیغام عام کرنے کا درس دیتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں رہنے والے تمام افراد گلدستے کے مانند ہیں ۔ اقلیتی برادری بھی اسی ملک کا حصہ ہیں ۔ وزیر اعظم نواز شریف ملک کے پہلے وزیر اعظم ہیں ، جنہوں نے ہندو برادری کے مذہبی تہوار دیوالی میں شرکت کی ہے ۔ جس پر میں انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی دانشمندانہ قیادت میں کراچی میں امن قائم ہوا ۔

پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ ملک اقتصادی اور معاشی ترقی کی علامت ہے جبکہ کسان پیکیج سے ہاریوں کے مسائل حل ہوں گے اور ملک میں زرعی پیداوار بڑھے گی ۔ کھیل داس کوہستانی نے وزیر اعظم کی تقریب میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔ کشن چند ایڈوانی نے کہا کہ اقلیتی خصوصاً ہندو برادری نے مشکل حالات میں بھی اس ملک کو نہیں چھوڑا کیونکہ ہم اسی ملک کے رہنے والے ہیں اور اس ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے ۔

متعلقہ عنوان :