مصر کا سیاحتی شہر شرم الشیخ روسی اور برطانوی سیاحوں کے بغیر ویران ہو جائے گا

بدھ 11 نومبر 2015 17:31

قاہرہ((اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 نومبر۔2015ء) ) مصر کا سیاحتی شہر شرم الشیخ روسی اور برطانوی سیاحوں کے بغیر ویران ہو جائے گا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق شرم الشیخ کے ہوٹلوں، دکانوں اور ریسٹورانوں کے مالکوں اور ٹورسٹ گائڈوں نے کہاکہ روسی اور برطانوی سیاحوں کے بغیر یہ شہر ویران ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ 31 اکتوبر کو روسی سیاحوں کو لے جانے والا طیارہ شرم الشیخ کے ائیر پورٹ سے روانہ ہو کر جزیرنما سینائی میں گر گیا تھا جس کے بعد روس نے مصر کے ساتھ فضائی رابطہ منقطع کر دیا گیا اور شرم الشیخ سے روسی سیاحوں کا انخلا جاری ہے۔

شرم الشیخ کے ائیر پورٹ کے ایک اہلکار کے مطابق روسی طیارے کے حادثے سے پہلے ہر روز روس سے کم سے کم 20 طیارے آتے تھے۔ مصر کے سیاحتی ادارے کے مطابق مصر میں آنے والے سیاحوں میں 70 تا 83 فیصد برطانوی اور روسی سیاح تھے۔برطانیہ اور روس کے ساتھ مصر کا فضائی رابطہ منقطع کئے جانے کے بعد ان کی تعداد کم ہو کر صرف 30 فی صد ہو گئی اور یہ تعداد دن بدن کم ہوتی جا رہی ہے کیوں کہ دوسرے ممالک کے خوف زدہ سیاح بھی مصر جانے سے انکار کرنے لگے ہیں۔

متعلقہ عنوان :