وفاقی پولیس میں بھرتی کے خواہش مند افراد سے لاکھوں روپے رشوت لیے جانے کا الزام

وزارت داخلہ کے حکم پر ایف آئی اے نے کارروائی کا فیصلہ کرلیا

بدھ 11 نومبر 2015 15:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔11 نومبر۔2015ء) وفاقی پولیس میں بھرتی کے خواہش مند افراد سے لاکھوں روپے رشوت لیے جانے کا الزام وفاقی وزارت داخلہ کے حکم پر ایف آئی اے نے کارروائی کا فیصلہ کرلیا ہے ، اے ایس آئی سے ایس پی رینک کے پولیس ملازمین نے شہروں سے بھرتی کے نام پر لاکھوں روپے بٹور لیے ،ایف آئی اے کی جانب سے کارروائی آئی جی اسلام آباد پولیس اور ایس ایس پی آپریشن کو دی جانے والی 29تحریری درخواستوں کی روشنی میں ممکن بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔

ذرائع نے آن لائن کو بتایاکہ حال میں وزیر داخلہ کو پیش کی جانے والی خفیہ رپورٹ میں اس امر کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ جس کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں تعینات پولیس اہلکاروں نے شہریوں سمیت ریکارڈ ملازمین سے پولیس میں بھرتی کی خواہش کا اظہا رکرنے پر لاکھوں روپے رشوت وصول کی گئی ہے جن میں سے چند ایک افراد کو غیرمعمولی رعایت بھی دی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

ان میں سے بڑی تعداد ان افراد کی ہے جن کو بھرتی نہیں کیا گیا اور متعلقہ افراد اس وقت موبائل فون اٹھانے سے قاصر ہیں یاپھر مختلف حیلے بہانوں سے کام لیا جارہاہے ۔واضح رہے کہ اے ایس آئی سے لے کر ایس پی تک کے نام پر لاکھوں روپے وصول کرلیے گئے ہیں جن کے خلاف انتیس تحریری طورپر درخواستیں آئی جی اسلام آباد پولیس طاہر عالم خان اور ایس ایس پی آپریشن کو دی گئی ہیں جن کے خلاف کارروائی تاحال عمل میں نہ لائی جاسکی ہے ۔

آن لائن ذرائع کے مطابق پولیس بھرتی کے نام پر رشوت خوروں کے خلاف شہریوں کی جانب سے درخواستیں نیب کے اینٹی کرپشن سیل میں بھی دئیے جانے کی اطلاعات ملی ہیں ۔تاہم وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی ہدایات پر ایف آئی اے نے وفاقی پولیس میں حالیہ بھرتیوں جن میں کلیریکل اور فیلڈ پولیس اہلکارشامل ہیں کے نام پر رشوت وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی شروع کردی ہے ۔ایف آئی اے ذرائع کے مطابق متاثرین ایف آئی اے کوبراہ راست درخواست بھی دے سکتے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :