برطانیہ ،جوئے کی لت میں بھتیجی نے بوڑھے چچا کا قتل کر دیا،عدالت نے عمر قید کی سزا سنا دی

بدھ 11 نومبر 2015 14:39

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 نومبر۔2015ء ) برطانیہ کی رہائشی خاتون نے جوئے کی لت میں اپنے بوڑھے چچا کا قتل کر دیا، خاتون کو قتل کے جرم میں عمر قید کی سزا سنا دی گئی۔برطانوی میڈیا کے مطابق 44 سالہ سوسان وارن جوئے میں 20000 یوروز ہارنے کے بعد اپنے چچا پیٹر کے گھر گئی، انہیں سیڑھیوں سے دھکا دیا اور گردن کو چاقو سے دبا کر قتل کر دیا۔

80 سالہ بوڑھے چچا کے بیٹے کو اپنے باپ کی لاش سیڑھیوں پر پڑی ملی۔ پوسٹ مارٹم کی رپورٹ کے مطابق بوڑھے چچا کی موت گردن دبانے سے ہوئی ہے۔ ابتدائی تحقیق کے مطابق سوسان کو قتل کے شبہ میں گرفتار کر کے جیل بھیجا گیا تھا بعد ازاں وارن کو قتل کی مجرمہ پا کے عمر قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔ سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ وارن نے اپنے چچا کو سیڑھیوں سے دھکے دیتے ہوئے کہا کہ جوئے میں پیسے ہارنے کی وجہ سے اس کی شوہر نے اسے گھر سے نکال دیا اور اسے رہنے کے لیے جگہ چاہیے۔

(جاری ہے)

بوڑھے چچا نے وارن کو اس کے رہنے کے لیے کمرہ دیکھایا مگر وارن نے سنگدلی سے اپنے چچا کو زمین پر گرا کر اس کی گردن کو چاقو سے دبا دیا۔ سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ اپنے چچا کو مارنے کے بعد وارن نے ان کے وولٹ سے 300 یوروز چرائے اور پاس کی ایک دوکان پر جا کر ویڈیو گیمز پر شرط لگا کر خرچ کر دیے۔ گھر واپس آنے کے بعد وارن نے بہت زیادہ تعداد میں گولیاں کھا لیں اور اپنے شوہر کو ایک خط لکھا کہ وہ خود کشی کرنے لگی ہے۔

سرکاری وکیل نے عدالت کو بتاتے ہوئے کہا کہ وارن کو ایک راہگیر نے گھر کے پاس ایک کھیت میں بے ہوشی کی حالت میں پا کر پولیس کو اطلاع دی۔ سوسان وارن نے ابتدائی تفشیش میں قتل قبول کرنے سے انکار کر دیا مگر پولیس نے خط اور دیگر ثبوت دیکھا کر جرم قبول کروا لیا۔ سوسان وارن نے پولیس کو بیان دیتے ہوئے کہا کہ اس نے صرف اپنے چچا کو سیڑھیوں سے دھکا دیا تھا۔

وارن نے کہا کہ نیچے گرنے کے بعد اس کا چچا شور مچانے لگا تو اس نے کچن سے چاقو لے کے ان کا گلا دبا دیا۔ وارن کے اقبال جرم کے بعد اس کے خاندان کا کہنا تھا کہ گزشتہ پانچ مہینے ان کے خاندان کے لیے انتہائی کٹھن تھے۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پریشانی کی بات ہے کہ خاندان کا ہی کوئی فرد خاندان کے کسی فرد کی موت کی وجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ 80 سالہ پیٹر کی موت جوئے کی بری لت کا نتیجہ ہے اور جوا ٹیبو (حرام) ہے اور لوگوں کو اس کے خطرات کے بارے میں آگاہ ہونا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :