نیب پنجاب میں اعلیٰ کرپٹ شخصیات پر ہاتھ ڈالنا چاہتی ہے وزیراعظم اس میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں، نوازشریف کو اپوزیشن کی اکثریت کی حمایت حاصل ہونے کے باوجود حکومت نہیں چل رہی، کور کمانڈر کانفرنس میں حکومت کو گورننس بہتر کرنے کے بیان کی حمایت کرتا ہوں، شریف برادران ہمیشہ 2کشتیوں میں سوار رہے، دونوں کی تھپکی خواجہ آصف اور چوہدری نثار کو حاصل ہے،انکم ٹیکس آرڈیننس کو کس قانون کے تحت قومی اسمبلی سے دوباہ پاس کروایاگیا، حکومت قومی خزانے کے ساتھ اسمبلی میں بھی مذاق کر رہی ہے، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمدکی پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میں میڈیا سے گفتگو

بدھ 11 نومبر 2015 14:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 نومبر۔2015ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمدنے کہا ہے کہ نیب پنجاب میں اعلیٰ کرپٹ شخصیات پر ہاتھ ڈالنا چاہتی ہے مگر وزیراعظم نواز شریف اس میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں، وزیراعظم کو اپوزیشن کی اکثریت کی حمایت حاصل ہونے کے باوجود حکومت نہیں چل رہی، کور کمانڈر کانفرنس میں حکومت کو گورننس بہتر کرنے کے بیان کی حمایت کرتا ہوں، شریف برادران ہمیشہ 2کشتیوں میں سوار رہے، دونوں کی تھپکی خواجہ آصف اور چوہدری نثار کو حاصل ہے،انکم ٹیکس آرڈیننس کو کس قانون کے تحت قومی اسمبلی سے دوباہ پاس کروایاگیا، حکومت قومی خزانے کے ساتھ اسمبلی میں بھی مذاق کر رہی ہے۔

وہ بدھ کو یہاں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

شیخ رشید احمد نے کہا کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی کااجلاس صرف چار ممبران کی موجودگی میں چلتا رہا، جس پر افسوس ہوا، 8,7دفعہ قومی اسمبلی کا ممبر رہ چکا ہوں مگر آج تک کورم کی نشاندہی نہیں کی، مگر آئندہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے سندھ کی طرح پنجاب میں بھی کرپٹ لوگوں کی فہرست مرتب کرلی ہے اور نیب پنجاب میں اعلیٰ کرپٹ لوگوں پر ہاتھ ڈالنا چاہتی ہے، مگر وزیراعظم نواز شریف اس میں بڑی رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو اپوزیشن کی اکثریت کی حمایت حاصل ہے مگر اس کے باجود ان سے حکومت نہیں چل رہی۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ کور کمانڈر کانفرنس کی جانب سے حکومت کو گورننس بہتر کرنے کا بیان حکومت کی ناکامی کا واضح ثبوت ہے، اس سے قبل بھی کور کمانڈر کانفرنس حکومت کوگورننس بہتر کرنے کا 2دفعہ کرچکی ہے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب ہمیشہ 2کشتیوں پر سوار رہے ہیں اور شریف برادران کی چوہدری نثار اور خواجہ آصف دونوں کو تھپکی حاصل ہے، اسی طرح رانا ثناء اللہ اور عابد شیر علی کو بھی شریف برادران کی تھپکی حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ انکم ٹیکس آرڈیننس 6نومبر کو ختم ہو گیا اور نئے سپیکر صاحب نے آتے ہی اس کو دوبارہ پاس کر دیا، بتایا جائے کہ انہوں نے کس قانون کے تحت یہ بل پاس کیا، حکومت نے انکم ٹیکس آرڈیننس کو کس قانون کے تحت قومی اسمبلی سے دوباہ پاس کروایاگیا، حکومت قومی خزانے کے ساتھ اسمبلی میں بھی مذاق کر رہی ہے۔