جناح ہسپتال میں 40لاکھ کی ادویات چوری پر پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع

بدھ 11 نومبر 2015 14:14

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 نومبر۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ (ق)کی رکن پنجاب اسمبلی خدیجہ عمر فاروقی نے جناح ہسپتال میں40لاکھ کی ادویات چوری پر پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں تحریک التوائے کار جمع کروادی ۔اپنی تحریک میں خدیجہ عمر فاروقی نے کہا کہ ہسپتالوں کو فراہم کی جانے والی ادویات کی چوری بیڈگورننس اور بدترین کرپشن ہیں ۔

(جاری ہے)

یہ چوری ہسپتال کی انتظامیہ اور ذمہ داروں کے بغیر ممکن نہیں ،اس سنگین جرم کے تمام کرداروں کو عدالت کے کٹہرے میں لایا جائے انہوں نے کہا کہ یہ چوری کا محض ایک واقعہ ہے صوبہ کا کوئی ہسپتال بھی اس جرم سے پاک نہیں ۔غریب مریضوں کی ادویات چوری کرکے کھلی مارکیٹ میں بیچنے والے انسانیت کے دشمن اور دہشت گرد ہیں ،ایسے عناصر کے خلاف دہشت گردی کی عدالتوں میں مقدمات چلنے چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ادویات کی چوری کے اس سکینڈل نے وزیراعلیٰ پنجاب کی گڈ گورننس کا پردہ چاک کردیا ہے ۔8سالوں سے برسراقتدار حکمرانوں نے اداروں کو کرپشن، کمیشن اور بدعنوانیوں کے اڈوں میں تبدیل کردیا ہے جناح ہسپتال کا واقعہ اس کا بہت بڑا ثبوت ہے ۔