نیویارک میں کشمیری سیاسی جماعتوں کے اتحاد نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کواجاگر کرنے کے سلسلے میں تمام کشمیری کیمونٹی ایک ہے‘نیویارک میں مقیم پاکستانی وکشمیری کیمونٹی اسی اتحاد کو برقرار رکھتے ہوئے امریکہ کے پالیسی ساز اداروں میں موثر شرکت کو یقینی بنائیں تاکہ وہ کشمیری عوام کی جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے بہترین سفارت کاری کر سکیں‘ملیحہ لودی سے ملاقات حوصلہ افزا رہی ‘پاکستان کی کشمیری عوام کی سیاسی،سفارتی اور اخلاقی حمایت کشمیریوں کے حوصلے بلندکرتی ہے

سپیکر غلام صادق‘عابد حسین عابد‘عبدالسلام بٹ‘ڈاکٹر نجیب نقی‘جاوید بڈھانوی ‘جاوید ایوبفیصل ممتاز راٹھور پر مشتمل آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کے پارلیمانی وفد کانیویارک میں سردار یونس کے استقبالیہ سے خطاب

بدھ 11 نومبر 2015 13:58

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 نومبر۔2015ء) آزادجموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر سردار غلام صادق،وزیر اطلاعات سردار عابد حسین عابد،وزیر سیاحت عبدالسلام بٹ،مسلم لیگ (ن) کے ڈاکٹر نجیب نقی،وزیر خوراک جاوید بڈھانوی،وزیر جنگلات سردار جاوید ایوب،وزیر برقیات راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ نیویارک میں آزادجموں وکشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں کے اتحاد نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کواجاگر کرنے کے سلسلے میں تمام کشمیری کیمونٹی ایک ہے۔

نیویارک میں مقیم پاکستانی وکشمیری کیمونٹی اسی اتحاد کو برقرار رکھتے ہوئے امریکہ کے پالیسی ساز اداروں میں اپنی موثر شرکت کو یقینی بنائیں تاکہ وہ کشمیری عوام کی جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے بہترین سفارت کاری کر سکیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر ملیحہ لودی سے ملاقات حوصلہ افزا رہی ۔پاکستان کی جانب سے کشمیری عوام کی سیاسی،سفارتی اور اخلاقی حمایت کشمیریوں کے حوصلے بلندکرتی ہے۔

آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے پارلیمانی وفد کے ارکان نے ان خیالات کا اظہار نیویارک میں پیپلز پارٹی کے معروف رہنما سردار یونس خان کی جانب سے دئیے جانے والے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں بڑی تعداد میں کشمیری وپاکستانی کیمونٹی نے شرکت کی۔اس موقع پر تقریب کی صدارت سابق ممبر کشمیر کونسل سردار سوار خان نے کی۔جبکہ تقریب میں وزیر اطلاعات سردار عابد حسین عابد ،وزیر برقیات راجہ فیصل ممتاز راٹھور،وزیر سیاحت عبدالسلام بٹ،وزیر خوراک جاوید اقبال بڈھانوی،وزیر جنگلات سردار جاوید ایوب،ممبر اسمبلی مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنما ڈاکٹر نجیب نقی،متحدہ قومی مومنٹ کے محمد سلیم بٹ،سیکرٹری اسمبلی چوہدری بشارت ،سابق ممبر اسمبلی ظفر علی ماگرے،مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما کیپٹن شاہین بٹ ،امتیاز بڑالوی اور محمد تاج بھی موجود تھے۔

تقریب کی خاص بات یہ تھی کہ پہلی مرتبہ خواتین کی ایک بڑی تعداد نے بھی اس میں شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر سردار غلام صادق نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اسوقت انتہائی اہمیت اختیار کر چکا ہے۔بھارتی وزیر اعظم کشمیریوں کو روپے پیسے میں تولنا چاہتا ہے۔جسے کشمیری عوام نے مسترد کر کے بھارتی وزیر اعظم کے منہ پر دے مارا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم دنیا کی آنکھوں میں دھول نہ جھونکیں۔

اگر بھارت کو کشمیریوں کا اتنا ہی احساس ہوتا تو وہ سیلاب میں کشمیری عوام کو بے یارومددگار نہ چھوڑتا۔وزیر اطلاعات سردار عابد حسین عابد نے کہا کہ نیویارک کی یہ تقریب مثالی ہے اور تمام سیاسی جماعتوں کا اتحاد اور رہنماؤں کی شرکت اس بات کا کھلا ثبوت ہے کہ کشمیری مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے حوالہ سے ایک ہیں۔