پاکستان سمیت دنیا بھر میں کل نمونیا کا عالمی دن منایا جائیگا

بدھ 11 نومبر 2015 13:21

جہانیاں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 نومبر۔2015ء)پاکستان سمیت دنیا بھر میں کل12نومبر کو نمونیا کا عالمی دن منایا جائے گا۔طبی ماہرین کے مطابق نمونیا پھیپھڑوں کے انفیکیشن کی بیماری ہے۔ نمونیا کا وائرس بچوں اور بزرگوں سمیت کمزور مدافعت والے افراد کو اپنا شکار بناتا ہے۔ پاکستان میں ایک کروڑ افراد نمونیا سے متاثر ہوتے ہیں۔

ملک میں 27 فیصد نوزائیدہ بچوں کی موت کی وجہ بھی نمونیا ہے۔

(جاری ہے)

مرض سے بچاؤ کے لیے بچوں کو پیدائش کے ڈیڑھ ماہ بعد، اڑھاِئی ماہ اور ساڑھے تین ماہ بعد نمونیا ویکسین کے ٹیکے لگانا ضروری ہیں۔ ماہرین کہتے ہیں متعدد ممالک نے صرف حفاظتی ٹیکوں کے ذریعے اس مرض پر قابو پا لیا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پہلے 6 ماہ تک ماں کا دودھ بچوں کو نمونیا سے محفوظ بناتا ہے۔ سردی کا موسم شروع ہوتے ہی بچوں میں نمونیا ہونے کے خدشات بھی بڑھ جاتے ہیں۔ اسلیے ضروری ہے کہ والدین اپنے بچوں کو اس جان لیوا بیماری سے بچانے کے لیے حفاظتی تدابیر اختیار کریں اور انہیں بروقت ویکسین لگوائیں