ہائیکورٹ نے خواجہ احمد حسان کی نااہلی کے لئے دائر درخواست خارج کر دی

بدھ 11 نومبر 2015 13:08

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 نومبر۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ (ن)کے یونین کونسل 107 لاہور سے بلامقابلہ کامیاب ہونیوالے امیدوار خواجہ احمد حسان کی نااہلی کے لئے دائر درخواست خارج کر دی۔لاہور ہائیکورٹ میں ایک شہری مسعود عزیز نے خواجہ احمد حسان کی نااہلی کیلئے درخواست دائر کی تھی جس میں ان کے کاغذات نامزدگی کو چیلنج کیا گیا تھا کہ خواجہ احمد حسان جو کہ پہلے سرکاری ملازم رہ چکے ہیں کو سرکاری ملازمت چھوڑے ہوئے دوسال پوے نہیں ہوئے اس لیے وہ انتخابات میں حصہ لینے کے اہل نہیں ہیں اور انہوں نے اپنے کاغذات نامزدگی غیر قانونی طور پر منظور کرائے ہیں لہٰذا ان کو نااہل قرار دیا جائے ۔

جبکہ خواجہ حسان کے وکیل کا موقف تھا کہ درخواست گزار نے کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت ریٹرننگ آفیسر کے روبرو کوئی اعتراض نہیں کیا بلکہ برا ہ راست ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے ۔

(جاری ہے)

فاضل عدالت نے درخواست پر چند روز پہلے فیصلہ محفوظ کیا تھا جو کہ سنا دیا گیا ہے۔عدالتی فیصلے میں خواجہ احمد حسان کی نااہلی کے لئے دائر درخواست خارج کر دی گئی ۔اس فیصلے کے بعد مسلم لیگ (ن)سے تعلق رکھنے والے خواجہ احمد حسان کی لاہور کے لارڈ مئیر بننے کی رکاوٹیں تقریباً ختم ہو چکی ہیں اور ا ن کی راہیں ہموار ہو گئی ہیں ۔