کیلی فورنیا ‘پالتوکتا جو گھریلو کام کے ساتھ کپڑے اور برتن بھی دھوتا ہے

بدھ 11 نومبر 2015 13:07

کیلی فورنیا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 نومبر۔2015ء) روزانہ گھریلو کام کاج کرکے اکثر خواتین بے زارہوجاتی ہیں تاہم امریکا کی ایک خوش قسمت خاتون ایسی بھی ہے جس کا پالتو کتا نہ صرف گھریلو کاموں میں ان کی مدد کرتا ہے بلکہ خود برتن دھونے اور صفائی ستھرائی جیسے کام بھی سرانجام دیتا ہے۔امریکی ریاست کیلی فورنیا کی رہائشی لنڈا کا پالتو جرمن شیفرڈ نسل کا کتا ‘بیرن’ اس کے گھریلو کاموں میں مدد کرتا ہے اور یہ کام وہ نہایت مہارت کے ساتھ سرانجام دیتا ہے۔

بیرن کی عمر ایک سال ہے اور سوشل میڈیا پر وہ خاصامعروف ہے ،اس کا اپنے نام سے انسٹاگرام اور اسنیپ چیٹ پر اکاوٴنٹ بھی ہے جبکہ اس کے کام کرنے کی متعدد ویڈیوز انٹرنیٹ پر وائرل ہوچکی ہیں۔ ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ‘بیرن’ سنک سے برتن اٹھا کر ڈش واشر میں ڈالتا ہے اور انہیں دھونے کے بعد ریک میں بھی لگادیتا ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ وہ واشنگ مشین میں موزے وغیرہ دھونے کے علاوہ فرش پر وائپر لگانے اور قالین کو ویکیوم کلینر سے صاف کرنے کا کام بھی سرانجام دیتا ہے۔ کام کے دوران بیرن کسی قسم کی سستی اور نااہلی نہیں دکھاتا اور مکمل تندہی کے ساتھ سارے کام کرتا رہتا ہے یہی وجہ ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی بیرن کی ویڈیوز کو بے حد پسند کیا جا رہا ہے۔