لاہور ہائیکورٹ نے متوقع مئیر لاہور اورلیگی رہنما خواجہ احمد حسان کی نااہلی کے لئے دائر درخواست مسترد کر دی۔

Umer Jamshaid عمر جمشید بدھ 11 نومبر 2015 11:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔11 نومبر۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے کیس کا فیصلہ سنایا۔درخواست گزار عزیز مسعود کے وکیل شیراز ذکاءنے عدالت کو بتایا کہ خواجہ احمد حسان یونین کونسل 107سے بلا مقابلہ چئیرمین منتخب ہوئے ہیں۔خواجہ احمد حسان لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے وائس چئیرمین ہونے کی حیثیت سے عوامی عہدے کے اہل نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی شق ستائیس کے تحت سرکاری عہدے پر براجمان شخص عوامی عہدے کا اہل نہیں ہے۔

خواجہ احمد حسان کے وکیل ملک اویس خالد نے عدالت کو آگاہ کیا کہ درخواست گزار متاثرہ فریق نہیں لہذا درخواست قابل سماعت نہ ہونے کے باعث غیر موثر قرار دے کر مسترد کی جائے۔انہوں نے کہاکہ خواجہ حسان کے پاس یہ عہدہ اعزازی تھا انہوں نے اس عہدے پر رہتے ہوئے کوئی مراعات حاصل نہیں کیں۔جس پر عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے خواجہ احمد حسان کی نااہلی کے لئے دائر درخواست مسترد کر دی۔

متعلقہ عنوان :