’’ آن لائن‘‘ نیوزایجنسی کوئٹہ کے رپورٹرمحمد افضل مغل کا گھر سے اغواء

15 گھنٹے بعد ڈرامائی واپسی صحافتی تنظیموں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی

منگل 10 نومبر 2015 23:12

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔10 نومبر۔2015ء) ’’ آن لائن‘‘ نیوزایجنسی کوئٹہ کے رپورٹرمحمد افضل مغل کا گھر سے اغواء اور 15 گھنٹے بعد ڈرامائی واپسی صحافتی تنظیموں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی پیر اور منگل کی درمیانی شب محمد افضل مغل اخبار کے دفتر سے فرائض کی ادائیگی کے بعد گھرواپس پہنچ کر آرام کررہے تھے کہ 10 کے قریب مسلح نقاب پوش زبردستی ان کے گھر میں داخل ہوئے اورانہیں اٹھا کر نامعلوم مقام کی جانب لے گئے محمد افضل مغل کی اہلیہ نے پولیس کو اطلاعی رپورٹ میں بتایا کہ پہلے ان کے گھر کا دروازہ زور سے پیٹا گیا بعد میں مسلح افراد گیٹ اور سیڑھی کے ذریعے گھر کے اندر داخل ہوئے اور افضل مغل سے نام پوچھنے کے بعد انہیں ساتھ چلنے کیلئے کہا اہلیہ کا کہنا تھا کہ مسلح افراد ان کے شوہر کو پیدل ہی سڑک کی طرف لے گئے جہاں پہلے سے گاڑیاں موجود تھیں واقعہ کیخلاف کوئٹہ سمیت ملک بھر کے صحافتی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی اور واقعہ کی پرزور مذمت کی گئی منگل کی سہ پہر ڈھائی بجے مسلح افراد نے محمدافضل مغل کو آنکھوں پر پٹی باندھ کر شہباز ٹاؤن میں چھوڑ دیا گھر پہنچ کرمحمد افضل مغل نے میڈیا کے ساتھیوں کو بتایا کہ وہ بالکل ٹھیک ٹھاک ہیں اس سے کوئی مارپیٹ نہیں کی گئی اغواء کاروں نے ان سے پوچھ گچھ کی جس کے بعد انہیں احساس ہوگیا کہ وہ غلط شخص کو اٹھا لائے ہیں صورتحال کا ادراک ہونے پر اغواء کاروں انہیں واپس گھر کے قریب چھوڑ دیا افضل مغل کا کہنا ہے کہ وہ یہ بتانے سے قاصر ہیں کہ کون لوگ انہیں اٹھا کر لے گئے تھے اور ان کا مقصد کیا تھا دوسرا وہ نقاب کی وجہ سے ان مسلح افراد کے چہرے بھی شناخت نہیں کرسکتے ۔