قومی ایشوزپر سیاسی و عسکری قیادت ایک صفحے پر ہے ، حکومت اپنی کارکردگی پر عوام کو جوابدہ ہے ،افغانستان میں 16 ممالک کی اتحادی فوج نے وہ حاصل نہیں کیا جو پاک فوج نے ڈیڑھ سال میں حاصل کیا ، فاٹا کے مستقبل کی بہتری کیلئے اصلاحات لارہے ہیں

وفاقی وزیر پانی وبجلی و دفاع خواجہ محمد آصف کی نجی ٹی وی کے ساتھ گفتگو

منگل 10 نومبر 2015 23:09

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 نومبر۔2015ء ) وفاقی وزیر پانی وبجلی و دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ قومی ایشوزپر سیاسی و عسکری قیادت ایک صفحے پر ہے ، حکومت اپنی کارکردگی کے حوالے سے عوام کو جوابدہ ہے ، 2018ء میں کارکردگی کی بنیاد پر عوام کی عدالت میں جائیں گے ، افغانستان میں 16 ممالک کی اتحادی فوج نے وہ حاصل نہیں کیا جو ہم نے ڈیڑھ سال میں حاصل کیا ، فاٹا کے مستقبل کی بہتری کیلئے اصلاحات لارہے ہیں۔

وہ منگل کو نجی ٹی وی کے ساتھ گفتگو کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک میں ایک نئے باب کا آغاز کردیا ہے ، اس وقت ملک کی اقتصادی صورتحال بہتر ہے جبکہ دیگر مسائل کو حل کرنے کی بھی بھرپور کوشش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں 16 ممالک کی اتحادی فوج ایک دہانی میں جو نتائج حاصل نہ کرسکی وہ پاک افواج نے ڈیڑھ سال کے عرصے میں حاصل کیے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شمالی وزیر ستان میں دہشتگردوں کے خلاف پاک فوج کا ضرب عضب آپریشن کامیابی کے ساتھ جاری ہے اور اس آپریشن میں اب تک کئی کامیابیاں حاصل کی جاچکی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے ڈیڑھ سال میں کامیابیاں حاصل کی ہیں ، دنیا کی کوئی بھی فوج اتنی کامیابیاں حاصل نہیں کرسکی ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی منتخب حکومت کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس ہے اور ہم جوابدہ بھی ہیں کیونکہ 2018ء میں عوام کی عدالت میں ہمارا احتساب ہونا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا کے مستقبل کی بہتری کیلئے اصلاحات لارہے ہیں ۔