دینی مدارس کے خلاف پروپیگنڈے اور مدارس سے امتیازی سلوک کے خلاف بیداری تحریک کا آغاز( کل) سے کیا جارہا ہے،مولانا حنیف جالندھری

منگل 10 نومبر 2015 22:48

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 نومبر۔2015ء)وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے جنرل سیکرٹری مولانا محمد حنیف جالندھری نے کہا ہے کہ دینی مدارس کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈے اور اہل مدارس سے امتیازی سلوک کے خلاف وفاق المدارس العربیہ کی بیداری تحریک کا آغاز آج 11 نومبر کو اسلام آباد کنونشن سے ہوگا،ملک بھر میں 16اجتماعات منعقد کیے جائیں گے،وفاق المدارس کے قائدین اور اہم شخصیات شرکت کریں گی،وفاق المدارس کے اہم قائدین اسلام آباد پہنچ گئے،دارالعلوم زکریا ترنول میں مدارس کنونشن آج ہو گا کنونشن کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوگئیں۔

(جاری ہے)

منگل کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے جنرل سیکرٹری مولانا محمد حنیف جالندھری نے کہاکہ دینی مدارس کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈے اور اہل مدارس سے امتیازی رویے کے تدارک کے لئے وفاق المدارس کی مجلس عاملہ نے ملک بھر میں اجتماعات کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے-انہوں نے بتایا کہ ملک کے تمام اضلاع کو زونز میں تقسیم کر کے ہر زون میں الگ الگ اجتماع کا انعقاد کیا جائے گا پہلے دوماہ کے دوران پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے مختلف مقامات پر آٹھ اجتماعات انعقاد پذیر ہوں گے اور اگلے مرحلے میں سندھ اور بلوچستان میں اجتماعات ہوں گے-یوں یہ مہم چار ماہ تک جاری رہے گی-مولانا جالندھری نے بتایا کہ ان اجتماعات کا آغاز دارالعلوم زکریا ترنول سے 11نومبربروز بدھ سے کیا جا رہا ہے-اس اجتماع میں راولپنڈی ڈویڑن،اسلام آباد اور کشمیر کے لوگ شرکت کریں گے ،اجتماع کی تیاریاں مکمل ہو گئی ہیں اور وفاق المدارس کے قائدین اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔