لاہو رنالج پارک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور اپلائیڈ سائنسز یونیورسٹی کے قیام کا فیصلہ

پنجاب حکومت یونیورسٹی کے قیام کیلئے ہرممکن وسائل فراہم کرے گی، نوجوانوں کو جدید سائنسی علوم سے آشنا کرنے کیلئے وسائل ترجیحی بنیادوں پر مہیا کئے جائیں گے،یونیورسٹی کے قیام کیلئے لاہو رنالج پارک کمپنی کا بورڈ جلد حتمی سفارشات تیار کرکے پیش کرے،وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کااجلاس سے خطاب

منگل 10 نومبر 2015 22:35

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔10 نومبر۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت لاہور نالج پارک کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس ہوا جس میں لاہو رنالج پارک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور اپلائیڈ سائنسز یونیورسٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت یونیورسٹی کے قیام کیلئے ہرممکن وسائل فراہم کرے گی۔

نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور جدید سائنسی علوم سے آشنا کرنے کیلئے وسائل ترجیحی بنیادوں پر مہیا کئے جائیں گے۔ جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے اور مجوزہ یونیورسٹی کو موجودہ اور مستقبل کے جدید تقاضوں کو مدنظر رکھ کر بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے آئندہ 3برس کے لئے نالج پارک کے منصوبے کیلئے 21 ارب روپے مختص کئے ہیں اورپنجاب حکومت اپنے وسائل سے اس منصوبے پر عملدرآمد کیلئے ہر سال 7 ارب روپے فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ مجوزہ یونیورسٹی کا منصوبہ اپلائیڈ سائنسز، انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ہائی ٹیک کی تعلیم او ردیگر جدید علوم کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا اور یہ منصوبہ تعلیم وتحقیق کے فروغ میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہو ں نے کہا کہ تعلیم کے فروغ کے لئے اخراجات کی فراہمی سود مند سرمایہ کاری ہے۔ پنجاب حکومت نالج پارک کے منصوبے کے تحت پاکستان کے مستقبل پر سرمایہ کاری کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے اس یونیورسٹی کا قیام وقت کا تقاضا ہے۔لاہو رنالج پارک کمپنی کا بورڈ جلد حتمی سفارشات تیار کرکے پیش کرے۔ وائس چانسلر پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی عمر سیف نے انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور اپلائیڈ سائنسز یونیورسٹی کے قیام کے حوالے سے بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہو داحمد، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری ہائیرایجوکیشن اور لاہور نالج پارک کمپنی کے بورڈ ممبران نے اجلاس میں شرکت کی۔