لگتا ہے بلدیاتی انتخابات شہروں میں نہیں جنگل میں ہوئے ہیں‘ لاہور ہائیکورٹ

جڑانوالہ کی یونین کونسل 49 کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج کیخلاف درخواست پر مزید سماعت 12نومبر تک ملتوی

منگل 10 نومبر 2015 22:27

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔10 نومبر۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا ہے کہ لگتا ہے کہ بلدیاتی انتخابات شہروں میں نہیں جنگل میں ہوئے ہیں،وفات پانے والے افراد کے ووٹ کاسٹ ہونا انتخابی عمل پر ایک سوالیہ نشان ہے،ریٹرنگ افسران نے قانون کی حکمرانی کے بجائے اپنی مرضی کی۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فرخ عرفان خان نے کیس کی سماعت کی ۔

(جاری ہے)

جڑانوالہ کی یونین کونسل 49 کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج کے خلاف دائر کی گئی تھی جس میں درخواست گزار خضر حیات کے وکیل نے انکشاف کیا کہ جڑانوالہ کی یونین کونسل 49 میں وفات پانے والی خاتون کا ووٹ بھی ڈالا گیا حالانکہ خاتون صغراں بی بی کے انتقال کو آٹھ برس بیت چکے ہیں۔ جس پر فاضل جسٹس فرخ عرفان خان نے ریمارکس دیئے کہ لگتا ہے کہ بلدیاتی انتخابات شہروں میں نہیں جنگل میں ہوئے ہیں۔

وفات پانے والے افراد کے ووٹ کاسٹ ہونا انتخابی عمل پر ایک سوالیہ نشان ہے،ریٹرنگ افسران نے قانون کی حکمرانی کے بجائے اپنی مرضی کی۔ عدالت نے یونین کونسل کا ریکارڈ بھی قبضے میں لینے کا حکم دے دیا ۔ عدالت نے مزید سماعت 12نومبر تک ملتوی کرتے ہوئے ریٹرننگ آفیسر کو ہدایت کی کہ وہ حلف نامہ داخل کریں کہ انھوں نے اپنے فرائض ایمانداری سے سرانجام دئیے ۔