پاکستان نائیجیریا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، دونوں ملکوں کو تعلیم، زراعت ، تجارت اور دفاع کے شعبوں میں تعلقات کو مزید وسعت دینی چاہیے

صدر ممنون حسین کی نائیجیریا کے سینیٹر ڈاکٹر علی یووماگاناکرہ سے ملاقات کے دوران گفتگو

منگل 10 نومبر 2015 21:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 نومبر۔2015ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان نائیجیریا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، دفاع کے شعبے میں دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے، دونوں ملکوں کو تعلیم، زراعت ، تجارت اور دفاع کے شعبوں میں تعلقات کو مزید وسعت دینی چاہیے۔ وہ منگل کو یہاں ایوان صدر میں نا ئیجیریا کی ریاست سکوٹوکے سابق گور نر سینیٹر ڈاکٹر علی یووماگاناکرہ سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے ۔

صدر مملکت نے زور دیا کہ دونوں ملکوں کو تعلیم، زراعت ، تجارت اور دفاع کے شعبوں میں تعلقات کو مزید وسعت دینی چاہیے۔ صدر مملکت نے مزید کہا کہ تجارتی روابط کو مزید فروغ دینے کے لیے تجارتی وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلے ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

صدر ممنون حسین نے کہا کہ دوطرفہ تعلقات نئی جہت دینے کے لیے اعلیٰ سرکاری رابطے، پارلیمانی تبادلے اور عوامی سطح پر رابطے بہت اہمیت کے حامل ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ دفاع کے شعبے میں تعلقات کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ صدر ممنون نے تجویز کیا کہ نائیجیریا کی افواج پاکستان کے دفاعی اداروں میں تربیت حاصل کر سکتی ہیں۔صدر مملکت نے کہا دہشت گردی کے خاتمے کے لیے آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے۔ صدر مملکت نے جناب محمد بْہاری کو نائیجیریا کے صدر بننے پر مبارک باد دی اورنائیجیریا کی خوش حالی اور امن کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔اس موقع پر سینیٹر ڈاکٹر علی یورماگاتاکاردا نے کہا کہ نائیجیریا پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور تمام شعبوں میں تعلقات کو مزید بڑھانے کا خواہاں ہے۔