والدین بچیوں کوتعلیم سے روشناس کرنے پر پوری توجہ دیں،ڈاکٹر امجد علی

گورنمنٹ گرلز مڈل سکول پارڑئی کو ہائی کا درجہ دے دیا گیا

منگل 10 نومبر 2015 20:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔10 نومبر۔2015ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے تقریبا ایک کروڑ 20 لاکھ روپے کی لاگت سے گورنمنٹ مڈل سکول پارڑئی تحصیل بریکوٹ سوات کو ہائی کا درجہ دینے کے منصوبے کا فتتاح کیا۔ اس موقع پر ضلع اور تحصیل کونسلروں کے علاوہ محکمہ تعلیم اور سی اینڈ دبلیو کے افسران ، پاکستان تحریک انصاف کے عہدیدارن اور معززین علاقہ بھی موجو تھے ۔

ڈاکٹر امجد علی نے افتتا حی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نئی نسل کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور سالانہ بجٹ برائے سال2015-16 میں شعبہ تعلیم کے لئے بھاری رقوم مختص کی گئی ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت بچوں اور بچیوں کی تعلیم پر برابر توجہ دے رہی ہے اور والدین کو بھی چاہئے کہ وہ اپنی بچیوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے اپنی بچیوں کے سکولوں میں داخلے کو یقینی بنائیں تاکہ وہ اپنے مستقبل کو تابناک بنانے کے ساتھ پورے گھرانے کو علم کے نور سے روشناس کر سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ تعلیمی اداروں کی درجہ بلندی کی جارہی ہے تاکہ طلبہ کو ان کی دہلیز پر تعلیمی سہولتیں میسر آسکیں جبکہ محکمہ صحت میں بھی مراکز صحت کی درجہ بلندی کے لئے کوشش جاری ہے جس سے علاقہ کے عوم کو دور دراز کا سفر نہیں کرنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ حلقہ کے عوام کی خدمت کی خاطر وہ سیاست کے میدان میں آئے ہیں اور ان کی خدمت کو عبادت سمجھتے ہوئے عوامی مسائل کے حل کے لئے بھر پور جدوجہد کریں گے۔