طالبات اور گھر یلو خواتین مختلف ہنر سیکھ کر اپنی اور اپنے خاندان کی معاشی حالت کو بہتر بنا سکتی ہیں،ڈی سی اوحافظ آباد

منگل 10 نومبر 2015 19:59

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 نومبر۔2015ء) ڈسٹرکٹ کوارڈنیشن آفیسر حافظ آباد محمد عثمان نے کہا ہے کہ طالبات اور گھر یلو خواتین مختلف ہنر سیکھ کر اپنی اور اپنے خاندان کی معاشی حالت کو بہتر بنا سکتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ملکی آبادی کا نصف ہونے کے ناطے خواتین ملکی معیشت کے استحکام میں بڑا اہم کردار ادا کر سکتی ہیں اور حکومت ملک بھر میں خواتین کو جدید تربیتی کورسز کی سہولت کے ذریعے انہیں روز گار کمانے کے بہتر مواقع فراہم کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے جس سے گھریلو آمدنی میں اضافے اور ملکی معاشرتی ترقی کے حوالہ سے بڑے مثبت نتائج برآمد ہونگے ۔

انہوں نے یہ بات محکمہ سوشل ویلفئر کے زیر اہتمام چلنے والے ادارے صنعت زار میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

مینجر صنعت زار محمد عرفان گوندل اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ڈی سی او نے تقریب میں بیٹرن میکنگ اور بیوٹیشن کے کورسز مکمل کرنے والی 50طالبات اور خواتین میں فی کس 2500کے امدادی چیک تقسیم کئے گئے۔ڈی سی او نے خواتین اور طالبات پر زور دیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کا بھر پور اظہار کرتے ہوئے حکومت کی اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں اور جدید تربیتی کورسز کا میابی کے ساتھ مکمل کرکے خود کو باعزت روزگار کے قابل بنائیں ۔

انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور معاشی مسائل سے نمٹنے کے لیے خواتین کو بھی اپنے خاندان اور عزیز و اقارب کی بہتر نگہداشت کے لیے معاشی وسائل میں اضافہ کرنا ہوگا جس کا بہترین طریقہ مختلف تربیتی کورسز ہیں۔منیجر صنعت زار عرفان گوندل نے بتایا کہ وزیر اعظم کے یوتھ سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت صنعت زار میں پیٹرن میکنگ اور بیوٹیشن کے چھ ماہ دورانیہ کے کورسز کروائے جا رہے ہیں جن کو کامیابی سے مکمل کرنے والی خواتین کو فی کس 2500کی امداد بھی دی جا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بہت جلد صنعت زار میں خواتین کو معاشی طور پر خود کفیل بنانے کے لیے دیگر کورسز بھی شروع کئے جائیں گے۔