لائبریری اور انفارمیشن مینجمنٹ پر تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس کل سے شروع ہوگی

منگل 10 نومبر 2015 19:34

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 نومبر۔2015ء)پنجاب یونیورسٹی شعبہ انفارمیشن مینجمنٹ کے زیر اہتمام ایشیا میں لائبریری اور انفارمیشن کی تعلیم کے 100مکمل ہونے پربین الاقوامی کانفرنس کا افتتاحی سیشن کل مورخہ 11 نومبر بروز بدھ صبح نو بجے ڈاکٹر پرویز حسن اینوائرمینٹل لاء سنٹر کے آڈیٹوریم میں منعقد ہو گا۔ تقریب کے مہمان ِ خصوصی صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان ہوں گے۔

(جاری ہے)

شعبہ انفارمیشن مینجمنٹ کی چیئرپرسن پروفیسر ڈاکٹر کنول امین نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کانفرنس نہ صرف پیشہ ورانہ ماہرین کے لئے ایک دوسرے سے خیالات شیئرکرنے کا ذریعہ بنے گی بلکہ فروغِ انفارمیشن کی تعلیم کے لئے بھی کارآمد ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں ایک امریکن لائبریرین اسا ڈون ڈکنسن نے 1915ء میں لائبیریرین شپ کے باقاعدہ پروگرام کی بنیاد رکھی تھی۔انہوں نے کہا کہ تھیم "Looking Back, Moving Forward" ہے جس میں ایشیا ، مشرقِ وسطیٰ ، یورپ اور امریکہ سمیت دیگر ممالک سے 500سے زائد سکالرز اور ماہرین شرکت کرتے ہوئے اپنے تحقیقی مقالہ جات پیش کریں گے۔