چین کا اعلیٰ سطحی عسکری وفد 3 روزہ دورہ پر (کل) پاکستان پہنچے گا ، وفد وزیر اعظم ‘ آرمی چیف اور دیگرعسکری حکام سے ملاقاتیں کریگا

ملاقاتوں میں پاکستان اور چین مابین دفاعی شعبوں میں تعاون کے فروغ ،خطے میں سلامتی کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی جائے گی `

منگل 10 نومبر 2015 18:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 نومبر۔2015ء) چین کا اعلیٰ سطحی عسکری وفد 3 روزہ دورہ پر (کل) بدھ کو پاکستان پہنچے گا۔ وفد کی قیادت سینٹرل ملٹری کمیشن چین کے وائس چیئرمین جنرل فن چنگ لونگ کر رہے ہیں ‘ چین کا فوجی وفد دورہ پاکستان کے دوران وزیر اعظم نواز شریف ‘ آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور دیگر اعلیٰ عسکری قیادت سے ملاقاتیں کرے گا جس میں پاکستان اور چین کے درمیان دفاعی شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی جائے گی۔

ان ملاقاتو ں میں خطے میں سلامتی کی صورتحال اور دیگر امور بھی زیر بحث آئیں گے۔ چین ضرب عضب آپریشن کی کامیابی پر حکومت پاکستان اور فوج کی کارکردگی کی تعریف چکا ہے اور ان ملاقاتوں میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے باہمی تعاون کو فروغ دینے کے امو رپر بھی بات چیت ہو گی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اس سال کے شروع میں بیجنگ کا اہم دورہ کیا تھا جہاں ان کی جنرل فن چنگ لونگ سے خطے میں سلامتی کی صورتحال اور دونوں ممالک مابین دفاعی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر بات چیت ہوئی تھی۔

جنرل فن چنگ لونگ چین کے صوبے ڈینگ ڈونگ میں پیدا ہوئے اور انہوں نے پی ایل اے اور کمیونسٹ پارٹی میں 1969ء میں شمولیت اختیار کی۔ انہیں 1995ء میں میجر جنرل کے عہدے پر ترقی دی جبکہ 2002ء میں وہ لیفٹیننٹ جنرل بنائے گئے۔ جولائی 2008ء میں انہیں جنرل کے عہدے پر ترقی دے کر وائس چیئرمین سینٹرل ملٹری کمیشن چین مقرر کیا گیا

متعلقہ عنوان :