ریاست جموں وکشمیر کی وحدت کیلئے صحافیوں کو کردار ادا کرناہوگا، آنجہانی دید بھینسن کی وفات سے کشمیری‘ کشمیر کی وحد۱نیت کے بڑے عملدار سے محروم ہوگے ہیں،تعزیتی ریفرنس میں شرکاء کا خطاب

منگل 10 نومبر 2015 17:45

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔10 نومبر۔2015ء)ریاست جموں وکشمیر کی وحدت کیلئے صحافیوں کو کردار ادا کرناہوگا‘ آنجہانی دید بھینسن کی وفات سے کشمیری‘ کشمیر کی وحد۱نیت کے بڑے عملدار سے محروم ہوگے ہیں۔ وید نے ہندو ہونے کے باوجود ریاست کی خدمت کی وہ اپنی مثال آپ ہے۔ دعا ہے کہ ہماری صحافتی کمیونٹی میں ہزاروں وید بھینسن پیدا ہوں۔

ان خیالات کا اظہار کیپٹیل جرنلسٹس فورم کے زیر اہتمام ہونے والے ریاست جموں وکشمیر کے معروف صحافی آنجہانی وید بھینسن کے تعزیتی ریفرنس میں شرکاء نے کیا۔ تعزیتی ریفرنس میں سابق چیف جسٹس منظور حسین گیلانی‘ وزیر بحالیات عبدالماجد ‘ صدر کیپیٹل جرنلسٹس فورم طارق نقاش‘ میڈیا ایڈوائزر ہمراہ وزیراعظم عزادار شاہ‘ پولیٹیکل سیکرٹری وزیراعظم عامر ذیشان‘ سینئر صحافی اور کالم نگار عارف بہار‘ عبدالحکیم کشمیری‘ روشن مغل اور اسلم میر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر (ر) چیف جسٹس منظور گیلانی کا کہنا تھا کہ وید بھینسن کے بارے میں جو بھی کہا گیا ہے کہ وہ کم ہے اور وہ اس سے کئی زیادہ کے اہل ہیں۔ وید صحافت کے اعلیٰ درجہ پر فائض تھے۔ وید کا جموں سے نکلنے والا وادی سے نکلنے والے بڑے اخبار کاہم پلہ تھا اُن کا کہنا تھا کہ وید نے ثابت کیا ہے کہ وہ صحافی ہے اور صحافی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔ وزیر حکومت ماجد خان نے کہا ہے کہ وید نے ثابت کیا ہے کہ صرف مسلمان ہی نہیں بلکہ کشمیری کشمیر کے وارث ہیں۔

سی جے ایف کے صدر طارق نقاش کا کہنا تھا کہ وید کی شخصیت کے بہت سے رنگ تھے جس میں صحافی کے علاوہ ایک استاد کا بھی تھا۔ وید کے اخبارنے کشمیری انگریزی صحافت کیلئے نرسری کا کام کیا ہے۔ سینئر صحافی عارف بہار کا کہنا تھا کہ وید بھنسن ریاست کی وحدت کی زنجیر تھی جو ٹوٹ گئی ۔ مظفرآباد میں بیٹھ کر جموں کے صحافی کو خراج عقیدت پیش کرنا ثابت کرتا ہے کہ ریاست ایک اکائی ہے۔

وزیراعظم کے پولیٹیکل سیکرٹری عامر ذیشان کا کہنا تھا کہ ہندو ہونے کے باوجود بھینسن نے کشمیر کا بیٹا ہونے کا حق ادا کیا ہے۔ حکومتی سطح پر بھی تعزیتی ریفرنس کر کے بھینسن کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرینگے۔ انہوں نے کیپٹیل جرنلسٹس فورم کی اس کاوش کو بھی سراہا ہے۔ عزادارحسین شاہ میڈیا ایڈوائزر وزیراعظم نے کہا ہے کہ بھینسن نے جس طرح اپنے اخبار کے پہلے ہی اداریے میں کشمیریوں کی آواز اٹھائی وہ اپنی مثال آپ ہے اس موقع پرر روشن مغل اور اسلم میر نے بھی وید بھینسن کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔

تقریب میں آنجہانی بھینسن کی یاد میں 1منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی ۔ تقریب میں میزبانی کے فرائض سیکرٹری جنرل کیپیٹل جرنلسٹس فورم راجہ شجاعت نے کی تقریب میں صحافیوں اور سول سوسائٹی کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔