پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے 18 لاکھ مستحق بچوں کو مفت تعلیم مہیا کر دی‘ چیئرمین انجینئر قمرالاسلامراجہ

2018 ء تک سو فیصد داخلہ ہدف حاصل کرنے کیلئے ’’پڑھو پنجاب،بڑھو پنجاب‘‘پر عمل درآمد تیزی سے جاری ہے

منگل 10 نومبر 2015 17:23

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 نومبر۔2015ء) حکومت پنجاب فروغ تعلیم کے ذریعے ایک تعلیم یافتہ اور با اعتماد معاشرے کی تعمیر کر رہی ہے جس کا فائدہ پوری قوم کوپہنچے گااور تعلیمی استقامت سے پاکستان 21 ویں صدی کا تعلیم یافتہ ملک بن کر ابھرے گا۔ اس حوالے سے 2018 ء تک سکولوں میں سو فی صد داخلہ کا ہدف مقرر کیا گیاہے جس کے حصول کے لئے ’’پڑھو پنجاب،بڑھو پنجاب‘‘پر عمل درآمد تیزی سے جاری ہے۔

یہ بات چیئرمین پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن انجینئرقمرالاسلام راجہ نے آج مینجمنٹ اینڈ پروفیشنل ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ میں 12 ویں پبلک پالیسی اینڈ گورنینس کورس کے شرکاء کو خصوصی لیکچر دیتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے تعلیم کو اولین ترجیح دی ہے۔

(جاری ہے)

موجودہ بجٹ کا 27 فی صد حصہ شعبہ تعلیم کے لئے مختص ہے جبکہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے توسط سے غریب بچوں کی مفت تعلیم کے لئے حکومت پنجاب نے ساڑھے 10 ارب روپے مہیا کئے ہیں۔

یہ فاؤنڈیشن صوبے میں18 لاکھ مستحق طلباء وطالبات کو مفت تعلیم مہیاکر کے روشن پاکستان کی تعمیر میں مصروفِ عمل ہے۔ہم نے جہالت کے اندھیروں میں علم کے چراغ روشن کئے ہیں اور غریب بچوں کو تعلیم دے کر ان کا مستقبل محفوظ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کا بہترین ماڈل ہے جس کے ذریعے چھوٹے درجے کے نجی سکولوں کو خصوصی فائدہ پہنچا ہے۔

اس فاؤنڈیشن کی تعلیمی کاوشوں کو اندرونِ ملک اور بیرونِ ملک سراہا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے گرلز ایجوکیشن کی حوصلہ افزائی کے لئے خصوصی اقدامات کئے ہیں۔ ہمارے پارٹنر سکولوں میں زیرِتعلیم طالبات کا تناسب 45 فی صد ہے۔ اسی طرح ٹیچرز ٹریننگ پروگرامز کی بدولت پارٹنر سکولوں کاتعلیمی معیار بہتر ہواہے جس سے طالب علموں کو کوالٹی ایجوکیشن ملی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کی تعلیمی پالیسیوں سے مثبت تبدیلی آئی ہے جس سے بے وسیلہ طبقات کو خصوصی فائدہ پہنچا ہے۔

متعلقہ عنوان :