لا ہو ر ، فیکٹری مالک عبدالوحید اور اس کے بیٹے کے خلاف مقدمہ درج

منگل 10 نومبر 2015 16:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔10 نومبر۔2015ء) صوبائی دارالحکومت میں سوموار کے روز برکی کے علاقہ میں ٹی آر بنانے والی فیکٹری میں آئل ٹینکر کے پھٹنے کے نتیجہ میں ہونے والی ہلاکتوں کے باعث جاں بحق ہونے والے متوفی عمران اور ساگر جن کا تعلق پتوکی سے ہے کہ بھائی محمد اکبر نے مدعیت میں فیکٹری مالک عبدالوحید اور اس کے بیٹے کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔ تفصیلات کے مطابق برکی کے علاقہ میں عبدالوحید نامی شخص نے ٹی آر بنانے کی فیکٹری قائم کررکھی تھی۔

(جاری ہے)

سوموار کے روز آئل ٹینکر کو اس کا تیل خالی کیے بغیر ویلڈنگ کا کام کیا جارہا تھا کہ ویلڈنگ کی چنگاری گرنے کے باعث آئل ٹینکر ایک زور دار دھماکہ سے پھٹ گیا اور 5محنت کش موقع پر جاں بحق جبکہ 3محنت کش شدید جھلس گئے جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

جاں بحق ہونے والوں میں پتوکی سے تعلق رکھنے والے عمران اور ساگر ، شاہدرہ کا رہائشی اشفاق شامل ہیں جبکہ 2محنت کش اس بری طرح جلے کہ ان کی شناخت نہ ہوسکی۔ پولیس نے نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانہ منتقل کروا دیا۔ پتوکی سے تعلق رکھنے والے عمران کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔