پاکستان دنیا بھر میں میں گندم کی پیداوار کرنے والے ممالک میں آٹھویں نمبر پرآگیا

منگل 10 نومبر 2015 16:52

پاکستان دنیا بھر میں میں گندم کی پیداوار کرنے والے ممالک میں آٹھویں ..

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔10 نومبر۔2015ء) پاکستان دنیا بھر میں میں گندم کی پیداوار کرنے والے ممالک میں آٹھویں نمبر پرآگیا اس وقت پنجاب کے بارانی اور آبپاش علاقوں میں گندم کی کاشت کا آغاز ہوچکا ہے پنجاب میں گندم کی اوسط پیداوار میں اضافہ کی کافی گنجائش موجود ہے اور سال 2015-16 کے لیے پنجاب میں گندم کا پیداواری ہدف 1کروڑ 95لاکھ ٹن مقرر کیا گیا ہے۔

آن لائن کے مطابق ان خیالات کا اظہارڈاکٹر مخدوم حسین ڈائریکٹر گندم ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد نے کاشتکاروں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت پنجاب کی طرف سے آبپاش علاقوں میں گندم کی منظور شدہ اقسام سحر 2006،لاثانی 2008،فیصل آباد 2008، آس 2011، ملت 2011، پنجاب 2011، آری 2011، این اے آر سی 2011 اور گلیکسی 2013 کی 20نومبر تک کاشت کی سفارش کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ مقررہ تاریخ تک گندم کی کاشت مکمل کریں کیونکہ تجربات سے ثابت ہوا ہے کہ 20نومبر کے بعد کاشت کی گئی فصل کی پیداوار میں روزانہ تقریباً 15تا20کلوگرام فی ایکڑ کمی آنا شروع ہوجاتی ہے۔ پنجاب میں گندم کی کاشت زیادہ تر کپاس ، دھان ، مکئی اور کماد کے بعد خالی ہونے والے رقبوں پر کی جاتی ہے جس سے اس کی کاشت میں تاخیر ہوجاتی ہے جبکہ زرعی ماہرین کے مطابق کھڑی کپاس میں گندم کی کاشت ، دھان کے وڈھ میں زیرو ٹیلیج طریقہ سے گندم کی کاشت اور خشک طریقہ کاشت میں گندم کی بذریعہ ڈرل کاشت اور کھیلیوں پر کاشت سے گندم کی کاشت میں تاخیر سے بچا جاسکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان طریقوں سے گندم کی وقت پر کاشت ممکن ہے اور زمین کی تیاری پر اٹھنے والے اخراجات میں بھی نمایاں کمی ہوجاتی ہے ۔

متعلقہ عنوان :