Live Updates

نریندر مودی کے مظالم باعث بھارت میں ایک اور پاکستان بننے کے امکانات ہیں‘ قومی اسمبلی کے سپیکر کے انتخاب میں تحریک انصاف نے نہ ووٹ مانگا اور نہ ہم نے دیا‘ حالیہ زلزلے سے متاثرہ لوگ آج بھی کھلے آسمان تلے زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں ‘ حکومت آئی ایم ایف سے قرضے لے کر آنے والی نسلوں کو مقروض بنا رہی ہے

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹرسراج الحق کی پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے بات چیت

منگل 10 نومبر 2015 16:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 نومبر۔2015ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹرسراج الحق نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے مظالم کی وجہ سے بھارت میں ایک اور پاکستان بننے کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں‘ قومی اسمبلی کے سپیکر کے انتخاب میں تحریک انصاف نے نہ ووٹ مانگا اور نہ ہم نے دیا‘ حالیہ زلزلے سے متاثر ہونے والے لوگ آج بھی کھلے آسمان تلے زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں ‘ حکومت آئی ایم ایف سے قرضے لے کر آنے والی نسلوں کو مقروض بنا رہی ہے۔

وہ منگل کو یہاں پارلیمنٹ میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے انہوں نے کہا کہ 26اکتوبر کو آنے والے زلزلے سے متاثر ہونے والے لوگ آج بھی کھلے آسمان تلے زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں حکومت کی جانب سے کوئی بھی امداد ان تک نہیں پہنچی انہوں نے کہا کہ زلزلے سے متاثرہ لوگوں کو پیسے نہیں چاہئیں لوگ چاہتے ہیں کہ حکومت ان کو پیسے دینے کی بجائے خود مکان بنا کر دے۔

(جاری ہے)

سراج الحق نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں کھلے عام پیسہ چلتا رہا مگر کسی نے ایکشن نہیں لیا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہمارا الیکشن کمیشن کمزور ہے جب تک الیکشن کمیشن کو طاقتور نہیں کیا جائے گا اس پر انگلیاں اٹھتی رہیں گی سب جماعتوں کو سیاسی اختلاف بھلا کر الیکشن کمیشن کو طاقتور کرنے کے لئے اصلاحات کرنی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ سپیکر قومی اسمبلی کے انتخاب میں تحریک انصاف نے ہم سے ووٹ نہیں مانگا جبکہ دوسری جانب ایاز صادق نے کئی دفعہ رابطہ کیا اور ووٹ مانگا جس کے بعد پارٹی نے فیصلہ کیا کہ ہم ایاز صادق کو ووٹ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج شفقت محمود نے مل کر گلہ کیا کہ جماعت اسلامی نے ہمیں ووٹ نہیں دیا اور میں نے جواب دیا کہ آپ نے ووٹ مانگا ہی نہیں تو ہم کیسے دیتے۔ سراج الحق نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں پر مظالم بڑھ رہے ہیں جس کی وجہ سے حالیہ انتخابات میں ان کو شکست ہوئی اور وہاں کی عوام نے ان کو ان کا اصل چہرہ دکھایا بھارت میں مسلمانوں پر مظالم کی وجہ سے بھارت میں ایک اور پاکستان بننے کے امکانات پیدا ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو آئی ایم ایف سے مزید قرضہ نہیں لینا چاہئے اور اپنی عوام پر قرضوں کا بوجھ نہ بڑھاتے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات