لاری اڈہ کے قریب تیز رفتار گاڑی نے ڈینگی سرویلنس ٹیم کی دو خواتین ارکان کو کچل دیا ،ایک جاں بحق ،دوسری شدید زخمی

منگل 10 نومبر 2015 16:17

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 نومبر۔2015ء) لاہور میں لاری اڈہ کے قریب تیز رفتار گاڑی نے ڈینگی سرویلنس ٹیم کی دو خواتین ارکان کو کچل دیا ،ایک جاں بحق جبکہ دوسری کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ،پولیس نے گاڑی کے ڈرائیور کو حراست میں لیتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں لاری اڈا کے علاقے میں گوجرانوالہ سے لاہور آنے والی تیز رفتار کار نے مینار پاکستان کے قریب سڑک پار کرنے والی ڈینگی سرویلنس ٹیم کی خاتون ارکان نسرین اور صدیقہ کو ٹکر مار کر کچل دیا۔

گاڑی کی ٹکر لگنے سے نسرین موقع پرہی دم توڑ گئی جبکہ صدیقہ شدید زخمی ہو گئی جسے طبی امداد کے لئے میو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

جاں بحق ہونے والی نسرین دو بچوں کی ماں تھی جس میں ایک سالہ بیتا اور ڈھائی سالہ بیٹی شامل ہیں۔متوفی نسرین کے خاوند کے مطابق اس کی بیوی صبح گھر سے ڈیوٹی پر جانے کے لئے نکلی تھی جسے راستے میں گاڑی نے کچل کر ہلاک کر دیا ہے۔

لاری اڈا پولیس مطابق گاڑی کو محمد فاضل نامی شخص چلا رہا تھا جو کہ گوجرانوالہ سے لاہور آرہا تھا کہ مینار پاکستان کے پاس تیز رفتاری کے باعث گاڑی کو کنڑول نہ کر سکا اور سڑک پارکرتی ہوئی خواتین کو کچل دیا ۔پولیس نے ملزم محمد فاضل کوحراست میں لے کر اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ گاڑی کو بھی اپنی تحویل میں لے لیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :