پیپلزپارٹی ادارے بنانے والی جماعت ہے ،ختم کرنے والی نہیں،راجہ شوکت علی خان ایڈووکیٹ

منگل 10 نومبر 2015 16:14

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 نومبر۔2015ء)مشیر حکومت و پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل راجہ شوکت علی خان ایڈووکیٹ نے کہاہے کہ پیپلزپارٹی ادارے بنانے والی جماعت ہے ادارے ختم کرنے والی نہیں۔ اسلام گڑھ پاسپورٹ آفس وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے بنوایا اور اسے بند مرکزی حکومت نے کیا۔ موجودہ حکومت پرکرپشن کے بے بنیاد الزامات محض اس وجہ سے لگائے جارہے ہیں کہ پیپلزپارٹی نے اجارہ داری کی سیاست کو ہمیشہ کے لیے دفن کردیاہے جس کے باعث برادریوں اور علاقوں کے نام پرسیاست کرنے والوں کا مستقبل خطرے میں ہے اور انھوں نے ہماری حکومت پرالزامات لگانے کی فیکٹریاں لگارکھی ہیں۔

اگرہم کرپشن کرتے تو آزادکشمیر میں تین میڈیکل کالجز، پانچ یونیورسٹیاں اور دیگرمیگاپراجیکٹس پایاتکمیل تک نہ پہنچتے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہارانھوں نے یہاں وکلاء کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ مشیرحکومت نے کہاکہ موجودہ حکومت نے قانون وآئین کی عملداری کویقینی بنایاہے اور بلاتخصیص آزادکشمیربھرمیں تعمیروترقی کے لیے عملی اقدامات اٹھائے ہیں ہم زبانی جمع تفریق کرنے والے نہیں ۔

انھوں نے کہاکہ آزادکشمیرمیں جب انتخابی میدان لگے گاتو خطہ کے لوگ ہماری کارکردگی کی بنا پرہمیں کامیاب کریں گے ۔ آئندہ حکومت کے خواب دیکھنے والے خواب ہی دیکھتے رہ جائیں گے اور خطہ میں اگلی حکومت بھی ہماری ہوگی۔ انھوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ اداروں کواستحکام اور دوائم دیاہم ادارے بنانے والے ہیں ختم یابند کرنا ہماری روایت نہیں ہے۔

انھوں نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ اسلام گڑھ پاسپورٹ آفس وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے قائم کروایاتھا اور اسے بند وفاقی وزیرداخلہ اور وفاقی حکومت کی ایماپرکیاگیاہے۔ اسلام گڑھ پاسپورٹ آفس بند کروانے کابھی الزام ہم پرلگایاجارہا ہے۔انھوں نے کہاکہ عوام بھی باشعورہیں انھیں بھی پتہ ہے کہ اسلام گڑھ پاسپورٹ آفس کیوں بند ہواہے ۔ انھوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ غریب لوگوں کے حقوق کی ترجمانی کی ۔ ہم عوامی حقوق کا تحفظ کرنے والے ہیں اسی وجہ سے پیپلزپارٹی عوام کی مقبول جماعت ہے۔