بلدیاتی الیکشن میں کسی بھی قسم کی گروہی وابستگی سے بالاتر ہو کر لوگ اپنے ووٹ کی مقدس امانت ایماندار امیدواروں کے حق میں استعمال کریں، شاہد ریاض ستی

منگل 10 نومبر 2015 16:05

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 نومبر۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے سابق پارلیمانی سیکریٹری پنجاب شاہد ریاض ستی نے کہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن میں کسی بھی قسم کی گروہی وابستگی سے بالاتر ہو کر لوگ اپنے ووٹ کی مقدس امانت ان امیدواروں کے حق میں استعمال کریں جو پوری طرح اس کے اہل ، ایماندار اور ملک و قوم کے ساتھ مخلص ہوں چاہے ایسے لوگ کسی بھی سیاسی جماعت کے ٹکٹ ہولڈر ہوں ․ انہوں نے ان خیالات کا اظہارتحصیل کوٹلی ستیاں کی مختلف یونین کونسلوں سے تعلق رکھنے والے معززین سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا ․ انہوں نے کہا کہ ذات برادری اور گروہی وابستگی ہر گز ایسامعیار نہیں جو ووٹ جیسی مقدس امانت کسی امیدوار کے حوالے کرنے کو جائز بناتا ہو․ یہ امانت اہل ، راست گو، ایماندار اور مخلص امیدواروں کی امانت ہوتی ہے جس کے بارے میں اللہ تعالی کے ہاں باز پرس ہوگی ․ انہوں نے کہا کہ اگر اس فارمولے پر عمل کیا جائے تو ہمارے ملک میں عوام کو جمہوریت کے حقیقی ثمرات مل سکتے ہیں اور ہمارا ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہو سکتا ہے ․ شاہد ریاض ستی نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں صف اول کی سیاسی قیادت کی دیکھا دیکھی بنیادی عوامی سطح پر بھی سیاسی اختلافات کو معاشرتی گروہ بندی کی وجہ بنا دیا جاتا ہے جو کہ درست عمل نہیں ․ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے فرائض میں شامل ہے کہ وہ عوام کی سیاسی تربیت کریں مگر ہماری جماعتیں اور ان کے لیڈران سرشام ٹی وی چینلوں پر بیٹھ کر نفرت و حقارت اور دشنام ترازی شروع کر دیتے ہیں جس سے افراد معاشرہ بالخصوص ہماری نوجوان نسل کی تربیت اس نہج پر ہو رہی ہے کہ پورا معاشرہ گروہ در گروہ تقسیم کے عمل سے گزر رہا ہے جس پر اہل عقل و شعور کو غور و فکر کرنے کی ضرورت ہے ۔

متعلقہ عنوان :