انکم ٹیکس آرڈیننس 6نومبر کو ختم ہو چکا ‘حکومت نے یہ آرڈیننس اسمبلی میں پیش کر کے مردہ گھوڑے میں جان ڈالی، قرضے کی نئی قسط کیلئے عوام پر 40ارب کے نئے ٹیکس کابم گرانے کی تیاری کی جا رہی ہے‘ ڈالر کا ریٹ 109روپے تک پہنچ گیا ‘مجھے استعفے کا مشورہ دینے والے خود مستعفی ہوں‘ بلدیاتی انتخابات میں این اے 55اور 56میں مسلم لیگ(ن) کا ڈٹ کر مقابلہ کرینگے

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کی پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے بات چیت

منگل 10 نومبر 2015 15:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 نومبر۔2015ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ انکم ٹیکس آرڈیننس 6نومبر کو ختم ہو گیا تھا، حکومت نے یہ آرڈیننس اسمبلی میں پیش کر کے مردہ گھوڑے میں جان ڈالی، قرضے کی نئی قسط کیلئے عوام پر 40ارب کے نئے ٹیکس بم گرانے کی تیاری کی جا رہی ہے، ڈالر کا ریٹ 109روپے تک پہنچ گیا ہے، مجھے استعفے کا مشورہ دینے والے خود مستعفی ہوں، بلدیاتی انتخابات میں این اے 55اور 56میں مسلم لیگ(ن) کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔

وہ منگل کو یہاں پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف سے نئے قرضے کیلئے عوام پر 40ارب کے نئے ٹیکسوں کا بم گرانے کی تیاریاں کر رہی ہے، اس لئے اسمبلی میں انکم ٹیکس آرڈیننس دوبارہ پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصافکو سپیکر شپ کیلئے ہونے والے انتخابات میں پویر ووٹ ملے، بی ٹی آئی کے کل 34 ممبران ہیں جن میں سے 4منحرف ہو چکے ہیں اور ایک ممبر غیر حاضر تھا، میں نے اورجمشید دستی نے پی ٹی آئی کو ووٹ دیا، اس لئے یہ کہنا غلط ہو گا کہ ان کو پورے ووٹ نہیں ملے۔

انہوں نے کہا کہ آج ڈالر کاریٹ 109روپے ہو گیا ہے اور مجھے خدشہ ہے کہ یہ 110روپے تک پہنچ جائے گا، جب ڈالر کا ریٹ کم ہوا تو میں نے اس وقت کہا تھا کہ یہ عارضی طور پر ہوا ہے، اس کا ریٹ بڑھے گا مگر مجھے استعفیٰ دینے کے مشورے دیئے جاتے رہے اور اب مجھے مشورے دینے والے خود استعفیٰ دیں۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہم بلدیاتی انتخابات میں این اے 55اور 56 میں مسلم لیگ(ن) کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سپیکر کے انتخاب کے حوالے سے سراج الحق سے بات کی ہے، انہوں نے مجھے کہا ہے کہ ہم سے تحریک انصاف کی جانب سے کوئی رابطہ نہیں کیاگیا۔