ووٹ کی منتقلی ‘ علیم خان نے تمام تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کرادیں
تازہ ترین : 1

ووٹ کی منتقلی ‘ علیم خان نے تمام تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کرادیں

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔10 نومبر۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 میں مبینہ طورپر ووٹرز کے ووٹ منتقل کرانے سے متعلق تمام تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کرا دی ہیں جبکہ تحریک انصاف کے رہنماء علیم خان نے کہا ہے کہ سپیکر این اے 122 سے فراڈ کرکے منتخب ہواہے۔منگل کو تحریک انصاف کے رہنماء علیم خان اور شعیب صدیقی نے سیکرٹری الیکشن کمیشن سے ملاقات کی اور این اے 122 میں ووٹرز کی ووٹ منتقلی کی تمام تر تفصیلات انہیں فراہم کر دیں۔

سیکرٹری الیکشن کیساتھ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیم خان نے کہا کہ این اے 122 کے ضمنی انتخابات میں دھاندلی نہیں بلکہ فراڈ ہوا ہے اور جب تک اہلیت ثابت نہیں ہوتی تب تک سپیکر کی کوئی حیثیت نہیں انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہے کہ دو دفعہ فراڈ کرنے والا شخص ایوان کو چلارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ نادرا نے آج ہمیں ملاقات کیلئے ایک بجے کا وقت دیا تھا تاہم اب معذرت کر لی ہے۔

انہوں نے کہاکہ این اے 122 کے ضمنی انتخابات کے موقع پر 26 ہزار ووٹ دوسرے حلقوں سے منتقل ہوئے ‘ 4542 ووٹ دوسرے حلقوں میں ٹرانسفر ہوئے۔ ووٹ ٹرانسفر کرنا فراڈ اور چار سو بیسی پر جس پر ایف آئی آر بھی درج ہوتی ہے۔ ہمیں یہ بھی بتایا جائے کہ 30 ہزار فارم کہاں گئے ہیں۔ واضح رہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے این اے 122 میں ووٹرز کے ووٹ منتقل کرنے کا الزام لگایا گیا تھا۔

وقت اشاعت : 10/11/2015 - 15:12:41

متعلقہ عنوان :

اپنی رائے کا اظہار کریں