Live Updates

تحریک انصاف نے این اے 122 میں ووٹ منتقل سے متعلق تمام تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کرا دی

منگل 10 نومبر 2015 15:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 نومبر۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 میں ووٹرز کے ووٹ منتقل کرانے سے متعلق تمام تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کرا دی ہیں۔ تحریک انصاف کے رہنماء علیم خان کا کہنا ہے کہ سپیکر این اے 122 سے فراڈ کرکے منتخب ہواہے‘26 ہزار ووٹ دوسرے حلقوں سے منتقل ہوئے جبکہ 4542 ووٹ دوسرے حلقوں میں ٹرانسفر ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنماء علیم خان اور شعیب صدیقی نے سیکرٹری الیکشن کمیشن سے ملاقات کی اور این اے 122 میں ووٹرز کی ووٹ منتقلی کی تمام تر تفصیلات انہیں فراہم کر دیں۔ سیکرٹری الیکشن کیساتھ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیم خان نے کہا کہ این اے 122 کے ضمنی انتخابات میں دھاندلی نہیں بلکہ فراڈ ہوا ہے اور جب تک اہلیت ثابت نہیں ہوتی تب تک سپیکر کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہے کہ دو دفعہ فراڈ کرنے والا شخص ایوان کو چلارہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نادرا نے آج ہمیں ملاقات کیلئے ایک بجے کا وقت دیا تھا لیکن اب معذرت کر لی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ این اے 122 کے ضمنی انتخابات کے موقع پر 26 ہزار ووٹ دوسرے حلقوں سے منتقل ہوئے جبکہ 4542 ووٹ دوسرے حلقوں میں ٹرانسفر ہوئے۔ ووٹ ٹرانسفر کرنا فراڈ اور چار سو بیسی پر جس پر ایف آئی آر بھی درج ہوتی ہے۔ ہمیں یہ بھی بتایا جائے کہ 30 ہزار فارم کہاں گئے ہیں۔ واضح رہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے این اے 122 میں ووٹرز کے ووٹ منتقل کرنے کا الزام لگایا گیا تھا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات