رومانیہ‘ نائٹ کلب میں آتشزدگی سے مرنے والوں کی تعداد 45ہو گئی

منگل 10 نومبر 2015 14:12

بخارسٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 نومبر۔2015ء) رومانیہ کے دارالحکومت بخارسٹ میں 30اکتوبر کی رات کو نائٹ کلب میں ہونے والی آتشزدگی کے باعث ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے اور اتوار کی شام کلب میں میوزیکل شو کرنے والے بینڈ کا ڈرمر بوگڈان ایناشی بھی دم توڑ گیا ہے جس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 45ہو گئی ہے۔ ”دی گارڈین“ کی رپورٹ کے مطابق ایناشی کو ایک فوجی طیارے میں زیورخ لے جایا جا رہا تھا تاکہ اس کے زخموں کا علاج ہو سکے مگر اس کے پھیپھڑے جواب دے گئے اور طیارے کو واپس زیورخ کی طرف موڑ لیا گیا جبکہ اس کے ساتھ موجود طبی عملہ اسے بچانے کی کوششیں کرتا رہا تاہم طیارے کے رومانیہ میں لینڈ کرنے کے بعد وہ دم توڑ گیا۔

آگ میں جھلسنے والے درجنوں افراد ابھی ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں اور حکام نے کہا ہے کہ ان کی تشویشناک حالت کے سبب ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

رومانیہ نے زخمیوں کو علاج کیلئے دیگر ممالک میں بھجوانے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے اور اتوار کی شام نیٹو کا ایک طیارہ بخارسٹ پہنچا ہے تاکہ کچھ زخمیوں کو راتوں رات برطانیہ اور ناروے منتقل کیا جا سکے۔وزارت صحت کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں 21زخمیوں کو بلجیم، نیدرلینڈز، آسٹریلیا، اسرائیل اور جرمنی کے ہسپتالوں میں بھیجا جا چکا ہے۔