انڈونیشیا ‘سزائے موت کے مجرموں کیلئے جزیرے پر جیل کی عمارت کی تعمیر کی جائے ‘ پہرے داری مگر مچھ کریں ‘انسداد منشیات ادارے کی تجویز

منگل 10 نومبر 2015 13:55

جکارتہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 نومبر۔2015ء)انڈونیشیا کی انسداد منشیات کی ایجنسی کے سربراہ نے تجویز دی ہے کہ سزائے موت کے مجرموں کے لیے جزیرے پر جیل کی عمارت کی تعمیر کی جائے اور اس جیل کی پہرے داری مگرمچھ کریں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابقانھوں نے کہا کہ اکثر اوقات مگرمچھ انسانوں سے اچھے پہرے دار ثابت ہوتے ہیں کیوں کہ اْنھیں رشوت نہیں دی جاسکتی انھوں نے بتایا کہ سب سے خطرناک مگرمچھوں کی تلاش میں وہ انڈونیشیا کے جزائر کے مختلف حصوں کا دورہ کریں گے۔

(جاری ہے)

انڈونیشیا کا شمار دنیا کے اْن چند ممالک میں ہوتا ہے جو منشیات کے حوالے سے سخت قوانین رکھتے ہیں اور وہاں 2013 میں سزائے موت پر عائد کی گئی چار سالہ پابندی ختم کردی گئی تھی۔ایک مقامی ویب سائٹ ٹیمپو کے مطابق انڈونیشیا کی انسدادِ منشیات کی ایجنسی کے سربراہ کے مطابق ہم جتنی زیادہ تعداد میں وہاں مگرمچھ رکھ سکتے ہیں رکھیں گے۔ آپ مگرمچھوں کو رشوت نہیں دے سکتے۔ آپ انھیں قید سے فرار میں مدد کرنے پر آمادہ نہیں کرسکتے۔فرانسیسی میڈیا کے مطابق منصوبہ اب تک اپنے ابتدائی مراحل میں ہے اور نہ جیل بنانے کے مقام کا تعین کیا گیا ہے اور نہ ہی جیل کے افتتاح کی تاریخ سے متعلق کچھ طے پایا ۔