وزیر اعلیٰ نے سعید اجمل اور زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے درمیان تنازعے کا نوٹس لے لیا ،رانا ثنا اللہ کومعاملہ سلجھانے کاٹاسک

منگل 10 نومبر 2015 13:31

لاہور/فیصل آباد( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 نومبر۔2015ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے قومی کرکٹر سعید اجمل اور زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے درمیان تنازعے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر قانون رانا ثنا اللہ خان کومعاملہ سلجھانے کاٹاسک سونپ دیا ،رانا ثنا اللہ خان نے فریقین اور ڈی سی او نور الامین مینگل سے رابطہ کرکے تمام صورتحال سے آگاہی حاصل کر لی جسکے بعد ممکنہ طور پر معاملہ فوری حل ہونے کا امکان پیدا ہو گیا ۔

تفصیلات کے مطابق زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے قومی کرکٹر سعید اجمل کو 2012ء میں انٹرنیشنل اکیڈمی کے لئے زمین الاٹ کی تھی جو بعد ازاں یہ کہتے ہوئے واپس لے لی گئی کہ یونیورسٹی کی زمین کو لیز یا فروخت نہیں کیا جا سکتا۔سعید اجمل نے بتایا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے انہیں دستاویزات کے ذریعیے زمین الاٹ کی تھی اور وہ دو سال میں اس پر 6کروڑ روہے خرچ کر چکے ہیں جبکہ اکیڈمی میں 400 سے زائد نوجوان کھلاڑی تربیت حاصل کر رہے ہیں جن میں لڑکیاں اور معذور کرکٹرز بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

سعید اجمل نے احتجاجاً اکیڈمی میں پڑے ہوئے سامان کو آگ لگانے کی دھمکی دی تھی ۔ اس حوالے سے میڈیا میں خبریں آنے کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب نے اس کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ خان کو معاملہ سلجھانے کے لئے ٹاسک سونپ دیا ہے جنہوں نے عملی اقدامات کا بھی آغاز کر دیا ہے ۔ رانا ثنا اللہ خان نے سعید اجمل ، زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور ڈی سی او سے رابطہ کیا اور ان سے تمام حالات بارے آگاہی حاصل کی ۔ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ کے نوٹس کی وجہ سے یہ معاملہ فوری حل ہونے کا امکان ہے ۔