13 سال گزرنے کے باوجود ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈگریوں کی تصدیق کے لئے جدید تکنیک نہ اپنا سکا

منگل 10 نومبر 2015 12:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔10 نومبر۔2015ء) اپنے قیام کو 13 سال گزرنے کے باوجود ہائیرایجوکیشن کمیشن یونیورسٹیوں کی ڈگریوں کی شناخت اور تصدیق کے لئے جدید تکنیک نہ اپنا سکی اور اس کے پاس جدید ٹیکنالوجی نہیں ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورتس کے مطابق ہائیر ایجوکیشن کمیشن کا تصدیق اور ایکری ڈیٹیشن (AA) ڈیپارٹمنٹ ڈگریوں کے تصدیق کے عمل کی نگرانی کرتا ہے تاہم ڈگریوں کی تصدیق کے لئے روایتی طریقہ ہی اختیار کرتا ہے کیونکہ متعلقہ یونیورسٹیوں کے ساتھ کاؤنٹر چیکنگ کے لئے ان لائن ڈیٹا بیس نہیں ہے۔

کمیشن صرف ان افراد کی ڈگری کی چیکنگ اور تصدیق کے لئے دوڑ دھوپ کرتا ہے جو کسی اعلیٰ شخصیت کی ہو یا اس میں شک پایا جاتا ہو۔ اے اے کے ڈائریکٹر جنرل محمد رضا چوہان کا کہنا ہے کہ کئی طبعی ریکارڈز اور تعلیمی عوامل ہیں جن کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔ کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد کا کہنا ہے کہ مشکوک ڈگریوں کو روکنے کے لئے انہوں نے نادرا کے ساتھ مل کر ایک سافت وئیر کو تشکیل دے دیا ہے۔