لاہور ہائیکورٹ نے قائد اعظم لائبریری سمیت صوبہ بھر کی تمام لائبریریوں کے انتظامی امور سے متعلق پرانے قوانین کو تبدیل کرنے کے لئے دائر درخواست پر حکومت پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

Umer Jamshaid عمر جمشید منگل 10 نومبر 2015 12:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔10 نومبر۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار جوڈیشل ایکٹوازم پینل کے وکیل اظہر صدیق نے عدالت کو بتایا کہ قائد اعظم لائبریری کے انتظامی امور چلانے کے لئے غیر قانونی طور پر بورڈ آف گورنرزتعینات کئے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قائد اعظم لائبریری سمیت صوبہ بھر میں قائم لائبریریوں کو بورڈ آف گونرز کے ذریعے نہیں چلایا جا سکتا اور نہ ہی 1980میں نافذ العمل پنجاب ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ آرڈیننس کا اطلاق ان لائبریرز پر کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ لائبریریوں کے انتظامی امور چلانے کے لئے حکومت کو نئی قانون سازی کی ہدائت کرتے ہوئے پرانے قوانین تبدیل کرنے کے بھی احکامات صادر کئے جائیں۔جس پر عدالت نے حکومت پنجاب کو سترہ دسمبر کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔