لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے پانچ دسمبر کو ہونے والے انتخابات رکوانے کے لئے دائر درخواست پر فریقین کے وکلاءکو بحث کے لئے طلب کر لیا۔

Umer Jamshaid عمر جمشید منگل 10 نومبر 2015 12:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔10 نومبر۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے کیس کی سماعت کی۔ینگ ڈاکٹرز ایسویسی ایشن کے سیکرٹری ڈاکٹر سلمان کاظمی نے موقف اختیار کیا کہ پی ایم ڈی سی کے پانچ دسمبر کو ہونے والے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کو کاغذات نامزدگی کے ہمراہ دو لاکھ روپے فیس جمع کرانے کی ہدائت کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اتنی خطیر رقم بطور فیس وصول کرنے کا اقدام ماورا قانون اور جمہوریت کے بنیادی اصولوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ممبر ڈاکٹرز کے لئے دو لاکھ روپے فیس جمع کرانا ممکن نہیں ہے لہذا عدالت امیدواروں سے دو لاکھ روپے فیس کی وصولی روکنے کا حکم دے جبکہ عدالتی فیصلہ آنے تک انتخابات کی تمام تر کاروائی روکنے کے حکم دے۔جس پر عدالت نے پی ایم ڈی سی اور دیگر فریقین کو اٹھارہ نومبر کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔