لاہور ہائیکورٹ نے یوم اقبال کی چھٹی کی منسوخی کے خلاف دائر درخواست پر رجسٹرار آفس کااعتراض ختم کرتے ہوئے پٹیشن کو ابتدائی سماعت کے لئے منظور کر لیا۔

Umer Jamshaid عمر جمشید منگل 10 نومبر 2015 12:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔10 نومبر۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس خالد محمود خان نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار فرہاد علی شاہ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ وفاقی وزارت داخلہ نے ایک نوٹیفیکیشن کے ذریعے مفکر پاکستان کے یوم پیدائش کی چھٹی کو منسوخ کر دیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے کوئی جواز بتائے بغیریوم اقبال کی چھٹی منسوخ کی جس سے پوری قوم اضطراب میں مبتلا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو قومیں اپنے اسلاف کو فراموش کر دیتی ہیں کبھی ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتیں۔

(جاری ہے)

یوم اقبال کوشایان شان طریقے سے منانا ہر پاکستانی کا حق ہے جسے حکومت ایک نوٹیفیکیشن کے ذریعے سلب نہیں کر سکتی۔انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ یوم اقبال کی چھٹی کی منسوخی کے نوٹیفیکیشن کو کالعدم قرار دیتے ہوئے چھٹی بحال کرنے کا حکم دیا جائے جبکہ درخواست پررجسٹرار آفس کی جانب سے عائد اعتراض ختم کرنے کے بھی احکامات صادر کئے جائیں،جس پر عدالت نے درخواست پر رجسٹرار آفس کااعتراض ختم کرتے ہوئے پٹیشن کو ابتدائی سماعت کے لئے منظور کر لیا۔عدالت نے درخواست گزار کو حکومتی نوٹیفیکیشن بھی پٹیشن کے ہمراہ لف کرنے کی ہدائت کی ہے۔