لاہور : سندر اسٹیٹ فیکٹری کا ریسکیو آپریشن 131 گھنٹے بعد مکمل

منگل 10 نومبر 2015 11:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔10 نومبر۔2015ء) لاہور میں سندر انڈسٹریل اسٹیٹ کی فیکٹری میں جاری آپریشن 131گھنٹے بعد مکمل کر لیا گیا۔ ملبے سے پینتالیس افراد کی لاشیں نکالی گئیں ، 103افراد کو زندہ نکالا گیا۔فیکٹری سے بھاری مشینری کی مدد سے 17ہزار 500ٹن ملبہ ہٹایا گیا۔لاہور میں 4نومبر کو گرنے والی فیکٹری کے ملبے تلے زندگی کے آثار معدوم ہوگئے۔

ڈی سی او لاہور نے سندر انڈسٹریل اسٹیٹ کی فیکٹری میں ریسکیو آپریشن مکمل کرنے کا اعلان کردیا۔ڈی سی او لاہور محمد عثمان کا کہنا تھا سندر اسٹیٹ آپریشن اپنی نوعیت کا منفرد آپریشن تھا ، 131گھنٹے کے دوران 17ہزار 500 ٹن ملبہ ہٹایا گیا۔ڈی سی او لاہور نے کہا کہ 131 گھنٹے جاری رہنے والے اس آپریشن میں کوشش تھی کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو زندہ نکالا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سانحہ سندر اسٹیٹ کے زمہ داران کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔ڈائریکٹر جنرل ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو ارشد ضیا نے بتایا کہ ملبے تلے اب کسی کے زندہ بچ جانے کے آثار انتہائی کم رہ گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ریسکیو کے رضاکار ملبہ مکمل ہٹائے جانے تک اسٹینڈ بائی رہیں گے۔حکام کے مطابق تین افراد کے ابھی تک لاپتہ ہونے کی اطلاع ہے جن کی تلاش کے لیے شناخت نہ ہونے والی تین لاشوں کا ڈی این اے ٹیسٹ کرایا جا رہا ہے، حادثہ میں جہاں درجنوں افردا کی جان گئی تو متعدد خاندانوں کا روز گار بھی متاثر ہوا۔

متعلقہ عنوان :