محتسب پنجاب جاوید محمود کی ہنجرائی میں بنیادی مرکز صحت سے غیر حاضر ڈاکٹر کے خلاف فوری کارروائی

نئے ڈاکٹر کو تعیناتی کا حکم، سیکرٹری صحت سے رپورٹ طلب

پیر 9 نومبر 2015 23:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔9 نومبر۔2015ء) محتسب پنجاب جاوید محمود نے تحصیل کوٹ ادو ضلع مظفر گڑھ کے علاقے ہنجرائی میں بنیادی مرکز صحت سے غیر حاضر ڈاکٹر کے خلاف فوری کارروائی اور نئے ڈاکٹر کو تعیناتی کا حکم دیتے ہوئے سیکرٹری صحت سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ یونین کونسل ہنجرائی تحصیل کوٹ ادو ضلع مظفر گڑھ کے رہائشیوں نے محتسب پنجاب کو درخواست دی کہ 2010ء میں آنے والے سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد مقامی افراد نے ہسپتال کی تعمیر کیلئے ذاتی زمین عطیہ کے طور پر حکومت کو دی جہاں دو کمرے تو تعمیر کئے گئے لیکن سٹاف فراہم نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے مقامی لوگ مشکلات کا شکار ہیں۔

محتسب پنجاب کی طرف سے کی جانے والی انکوائری میں انکشاف ہوا کہ لوگوں کی عطیہ کردہ اراضی پر تعمیر ہونے والے ہسپتال میں محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے ڈاکٹر عمر فاروق کو تعینات کیا گیا تھا جو بغیر اطلاع طویل عرصہ سے غیر حاضر ہے۔

(جاری ہے)

محتسب پنجاب کے نوٹس لینے کے بعد ای ڈی او (ہیلتھ) مظفر گڑھ نے سیکرٹری صحت کو ڈاکٹر عمر فاروق کی طویل غیر حاضری کے بارے میں مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔ محتسب پنجاب نے اپنے حکم نامے میں سیکرٹری صحت کو حکم دیا ہے کہ طویل عرصے سے بغیر اطلاع غیر حاضر ڈاکٹر عمر فاروق کے خلاف کارروائی کی جائے اور یونین کونسل ہنجرائی تحصیل کوٹ ادو ضلع مظفر گڑھ میں جلد از جلد نئے ڈاکٹر کی تعیناتی کے احکامات جاری کئے جائیں

متعلقہ عنوان :