فیکٹری کے آئل ڈپو میں آتشزدگی کے نتیجے میں 5محنت کش جھلس کر جاں بحق ،چار زخمی ،وزیر اعلیٰ نے رپورٹ طلب کر لی

برکی میں ٹی آر بنانے والی فیکٹری میں تیل ذخیرہ کرنے کیلئے رکھے گئے ٹینکر میں دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی ژ

پیر 9 نومبر 2015 23:00

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔9 نومبر۔2015ء) صوبائی دارالحکومت کے علاقہ برکی میں فیکٹری کے آئل ڈپو میں آتشزدگی کے نتیجے میں 5محنت کش جھلس کر جاں بحق جبکہ چارزخمی ہو گئے ، آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ، ریسکیو 1122سمیت دیگر امدادی اداروں کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پا لیا گیا ،وزیرا علیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے آتشزدگی کے نتیجے میں ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ۔

بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز برکی میں دوری پل کے قریب لوہے کے ٹی آر بنانے والی فیکٹری میں تیل ذخیرہ کرنے کیلئے رکھے گئے ٹینکر میں اچانک زور دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے فیکٹر ی کے ایک بڑے حصے کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا جس سے وہاں کام کرنے والے محنت کش بری طرح جھلس گئے ۔

(جاری ہے)

عینی شاہدین کے مطابق اچانک دھماکہ ہوا جے کے بعد فیکٹری میں آگ کے شعلے بلند ہونا شروع ہو گئے ۔

آگ اس قدر شدید تھی کہ پانچ محنت کش جھلس کر جاں بحق ہو گئے اور ان کی لاشوں کی شناخت بھی مشکل ہو گئی جبکہ چار زخمی ہو گئے ۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ، ریسکیو 1122سمیت دیگر امدادی اداروں کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی جنہوں نے آگ پر قابو پایا اور لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ ملازمین کے مطابق آگ فیکٹری میں آئل ڈپو میں لگی جس نے اچانک اتنی شدت اختیار کر لی کہ وہاں کام کرنے والے محنت کشوں کو باہر نکلنے کا موقع ہی نہ مل سکا ۔

بتایا گیا ہے کہ ذخیرہ کئے گئے آئل کے بڑے ٹینکر کے پاس ویلڈنگ کے دوران اس کی چنگاری سے حادثہ پیش آیا۔ اہل علاقہ کے مطابق فیکٹری میاں وحید نامی شخص کی ملکیت ہے جبکہ پولیس نے فیکٹری کے سپر وائزر شاہد کو حراست میں لے لیا ہے ۔ آتشزدگی کے واقعے میں جھلس کر جاں بحق ہونے والے چار محنت کشوں کی شناخت عمران ولد عبد الرشید ، ساگر ، عمران ولد فجر اور محمد اشفاق ولد یوسف کے نام سے ہوئی ہے جبکہ پانچویں مزدور کی شناخت نہیں ہوسکی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے آ تشزدگی میں ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے جھلسنے والے افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات دی ہیں۔

متعلقہ عنوان :