بلاجواز ،بناء کسی جرم کے اگر ایم کیو ایم کے کارکنان کی گرفتاریاں ہوئیں تو تحقیقات کراکے ازالہ کیاجائیگا، نثار کھوڑو

کراچی آپریشن بلا تفریق جائے ،ثبوتوں پر مبنی ہونے والی گرفتاریوں پر کسی کے اعتراضات کو تسلیم نہیں کیا جائیگا ، وزیر اطلاعات سندھ

پیر 9 نومبر 2015 22:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔9 نومبر۔2015ء) سندھ کے سینئر وزیراطلاعات نثاراحمدکھوڑو نے کہا ہے کہ بلاجواز اوربنا کسی جرم کے اگر ایم کیو ایم کے کارکنان کی گرفتاریاں ہوئی ہیں تو اس کی تحقیقات کراکے ازالہ کیاجائے گا۔ کراچی آپریشن بلا تفریق جائے اور رہے گا ۔ کراچی آپریشن کے تحت ثبوتوں پر مبنی ہونے والی گرفتاریوں پر کسی کے اعتراضات کو تسلیم نہیں کیا جائے گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو اپنے جاری ایک بیان میں کیا ۔ نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کراچی ، حیدر آباد سمیت دیگر اضلاع میں ووٹرز اپنے حق رائے دہی استعمال کرنے میں آزاد ہیں اور عوام جس جماعت کو اکثریتی بنیاد پر منتخب کریں گے تو پھر میئر بھی اسی جماعت کا ہو گا اور وہی اکثریتی جماعت بلدیاتی حکومت بنا سکے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی بلدیاتی انتخابات سے قبل کراچی اور حیدر آباد کی میئر شپ حاصل کرنے کی باتیں قبل از وقت ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں امن وامان کے قیام کے لیے رینجرز پولنگ اسٹیشن کے باہر تعینات ہو گی جبکہ فوج کو اسٹینڈ بائی رکھا جائے گا اور پولیس ، ریپڈ رسپارنس فورس موجود رہے گی تاکہ کوئی بھی ووٹرز ، عملے اور ایجنٹوں کو ہراساں نہ کر سکے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت شفاف انتخابات پر یقین رکھتی ہے ۔ اس حوالے سے الیکشن کمیشن کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پہلی دفعہ جماعتی بنیادوں پر ہونے والے بلدیاتی انتخابات سے جمہوریت اور مضبوط ہو گی ۔