ناگہانی قدرتی آفات کی صورت میں متاثرین کا فوری طورپر ڈیٹا جمع کرنے اور انہیں بروقت امداد پہنچانے کے لئے ریسکیو ،ریلیف اور دیگر متعلقہ اداروں اور محکموں کے مابین مربوط و موثررابطے کے لئے جدیدخودکار نظام کاہو ناگزیر ہے اس مقصد کیلئے تحریک انصاف کی صوبائی حکومت عالمی سطح کے بہترین اداروں کے ساتھ رابطے میں ہے

صوبائی وزیر تعلیم اور توانائی محمد عاطف خان کا قدرتی آفات سے بہتر طور پر نمٹنے سے متعلق بریفنگ سے خطاب

پیر 9 نومبر 2015 19:38

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔9 نومبر۔2015ء) خیبر پختونخوا کے وزیر تعلیم اور توانائی محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ ناگہانی قدرتی آفات کی صورت میں متاثرین کا فوری طورپر ڈیٹا جمع کرنے اور انہیں بروقت امداد پہنچانے کے لئے ریسکیو ،ریلیف اور دیگر متعلقہ اداروں اور محکموں کے مابین مربوط و موثررابطے کے لئے جدیدخودکار نظام کاہو ناگزیر ہے اور اس مقصد کے لئے پاکستا ن تحریک انصاف کی صوبائی حکومت عالمی سطح کے بہترین اداروں کے ساتھ رابطے میں ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں ناگہانی قدرتی آفات سے بہتر طور پر نمٹنے سے متعلق بریفنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وزیر موصوف کو غیر ملکی ادارے کی جانب سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وزیر تعلیم نے کہا کہ قدرتی آفات سے مقابلہ ممکن نہیں تاہم بہتر منصوبہ بندی اور بروقت انتظامات سے ان کے نقصانات میں کمی لائی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ جدید دور جہاں دنیا گلوبل ویلیج بن چکی ہے میں دنیاکے جدیدٹیکنالوجی سے فوری اور بلا تاخیر استفادہ کرنا وقت کا تقاضاہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا کی بھرپور کوشش ہے کہ قدرتی آفات سے نمٹنے والے تمام اداروں اور افراد کو ایک پیج پر لائے تاکہ کسی بھی ناگہانی آفت یا حادثے کی صورت میں فوری اور بروقت کارروائی ہواور جانی ومالی نقصانات کم سے کم ہوں۔ بریفنگ میں پی ڈی ایم اے، آئی ٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کے حکام نے بھی شرکت کی۔