رابطہ کمیٹی نے میرپور خاص کے 8 سابق ذمہ داروں کو تحریک سے خارج کر دیا

پیر 9 نومبر 2015 16:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔9 نومبر۔2015ء)ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے میرپور خاص زون کے آ ٹھ سابق ذمہ داروں اور کارکنوں کو تحریک سے خارج کر دیا ۔ میرپور خاص سٹی کے رئیس احمد خان ، خلیق احمد خان شفیق احمد خان ، بلدیاتی امیدواروں محمد یوسف ، اسلم قریشی اور التجا خان سے لاتعلقی کا اعلان کردیاہے ۔ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے بلدیاتی انتخابات میں تحریک کی پالیسی اور فیصلے کے خلاف عمل کرنے اور تنظیمی نظم وضبط کی سنگین خلاف ورزی کرنے پر ایم کیو ایم میرپور خاص زون کے آٹھ سابق ذمہ داروں اور کارکنوں کو تحریک سے خارج کر دیا ہے ۔

ایم کیو ایم سے خارج کئے جانے والوں میں میرپور خاص کے سیکٹر سی کے سابق انچارج خالد راشد ، سابق یونٹ انچارج محمد اکبر ، یونٹ A 4 کی یونٹ کمیٹی کے رکن محمد ارشد ، سیکٹر بی یونٹ 3/A کے کارکن احسان الحق ، سیکٹر A یونٹ 2/B کے کارکن محمد اکرم عرف کامران ، سیکٹر B یونٹ 3/A کے الیکشن سیل ممبر مظہر علی ، سیکٹر B یونٹ3/A کے کارکن منظر علی اور یوسی 5 کے سابق یوسی ناظم محمود اقبال شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

رابطہ کمیٹی نے اپنے بیان میں میرپور خاص کے رئیس احمد خان ، خلیق احمد خان ، شفیق احمد خان ، وارڈ نمبر 6 ، وارڈ نمبر 7 کے امیدوار محمد یوسف ولد عبدالحمید ، امیدوار برائے وارڈ نمبر 5 اسلم قریشی ولد یاسین قریشی اور امیدوار برائے وارڈ نمبر 9 التجا خان ولد محمد رضا خان سے لاتعلقی کا اعلان کیا ہے ۔