آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجو د ہیں، سردار یعقوب

پیر 9 نومبر 2015 16:39

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔9 نومبر۔2015ء) پاک چائنا کلب کے وفد نے کلب کے سرپرست اعلیٰ مہتاب الدین چاؤلہ اور صدر جاوید رشید اصغر آرائیں کی قیادت میں آزاد کشمیر کے صدر سردار محمد یعقوب خان سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد میں کلب کے چیف ایڈوائزر ہانگ چن کیانگ(Huang Junqiang) ، سیکریٹری جنرل خالد اقبال خان، لیڈیز ونگ کی انچارج پروفیسر ڈاکٹر شاہدہ وزارت، عادل جاوید، عفاف آرائیں، رئیس خان و دیگر شامل تھے۔

اس موقع پر صدر آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے کہا کہ آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، ملکی اور غیر ملک سرمایہ کار آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کرکے بہترین نتائج حاصل کرسکتے ہیں۔ جب سے ہماری حکومت آئی ہے تعلیم کے شعبے میں نمایاں کام کیا گیا ہے اور اس وقت آزاد کشمیر میں شرح خواندگی 75 فیصد سے زیادہ ہے اور امن و امان کا بھی کوئی مسئلہ نہیں، کلب کے سرپرست اعلیٰ مہتاب الدین چاؤلہ نے کہا کہ ٹاؤل انڈسٹری ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کررہی ہے، حکومت صنعتکاروں کو ریلیف فراہم کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے آزاد کشمیر کے بہتر حالات کی تعریف کرتے ہوئے سرمایہ کاری کیلئے موذوں جگہ قرار دیا۔ کلب کے صدر جاوید رشید اصغر آرائیں نے کہا کہ صنعتوں کے فروغ کیلئے ٹیکسز اور کسٹم ڈیوٹی میں کمی کی اشد ضرورت ہے، مختلف ٹیکسز کے باعث پروڈکشن کے اخراجات بڑھ جاتے ہیں۔ اس موقع پر کلب کے چیف ایڈوائزر ہانگ چن کیانگ چینی سرمایہ کار کمپنیوں کی جانب سے سرمایہ کاری کی یقین دہانی کروائی، کلب کے جنرل سیکریٹری خالد اقبال خان نے کہا کہ مختلف ممالک کے درمیان وفود کے تبادلوں سے انویسٹمنٹ کی نئی راہیں کھلتی ہیں۔

ڈاکٹر شاہدہ وزارت نے کہا کہ انڈسٹری میں خواتین کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جاکستا ہے۔ محدود وسائل کے باوجود خواتین کاروباری دنیا میں اہم کردار ادا کررہی ہیں، اس موقع پر صدر آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے پاک چائنا کلب کے وفد کو آزاد کشمیر کے دورے کے دعوت دی جسے وفد نے قبول کرتے ہوئے جلد وزٹ کی یقین دہانی کروائی۔