اسرائیل کیلئے جاسوسی،لبنان پولیس نے تین مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا

پیر 9 نومبر 2015 15:41

بیروت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔9 نومبر۔2015ء)لبنان کی پولیس نے ملک کے جنوبی علاقے سے تین مشتبہ افراد کوحراست میں لینے کا دعویٰ کیا ہے جن پر مبینہ طورپراسرائیل کے لیے جاسوسی کا الزام عاید کیا گیا ہے۔لبنانی سیکیورٹی جنرل کاکہنا ہے کہ گرفتار کیے گئے تین افراد اہم شخصیات اور لبنان کی حساس سیکیورٹی تنصیبات کے بارے میں معلومات جمع کرنے میں مصروف تھے۔

عرب میڈیاکے مطابق لبنان کے سیکیورٹی جنرل نے بتایا کہ پولیس نے دشمن ملک اسرائیل کے لیے جاسوسی کرنے والے ایک گروپ کے تین عناصر کو ملک کے جنوبی علاقے سے حراست میں لیا ہے۔ ان میں ایک شامی شہری، اس کی لبنانی اہلیہ اور ایک دوسرا لبنانی شامل ہیں۔دوران حراست ملزمان نے انہیں اسرائیلی خفیہ اداروں کی جانب سے لبنان کی حساس سیکیورٹی تنصیبات اور اہم شخصیات بارے معلومات جمع کرنے کا ٹاسک سونپا گیا تھا۔

(جاری ہے)

معلومات جمع کرکے اسرائیلی خفیہ اداروں کو مہیا کرنا تھیں جو کسی بھی وقت ان معلومات کی روشنی میں حملوں کا پلان تیار کرتے مگر پولیس نے بروقت کارروائی کرکے جاسوسی کی یہ سازش ناکام بنا دی ہے۔لبنانی سیکیورٹی جنرل کا کہنا ہے کہ تینوں ملزمان سے ابتدائی تحقیقات کے دوران اہم معلومات حاصل ہوئی ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد ملزمان کو فوجی عدالت کے جج صقرصقر نے خصوصی عدالت میں منتقل کردیا ہے۔

گروپ میں شامل دیگر افراد کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔خیال رہے کہ لبنان اور اسرائیل دونوں حالت جنگ میں ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان سرحدوں کے تعین کا طویل عرصے سے تنازع چلا آ رہا ہے۔ 2009ء میں لبنانی سیکیورٹی فورسز نے اسرائیل کے لیے جاسوسی میں سرگرم 100 افراد کو حراست میں لیا تھا۔ کئی جاسوس لبنان فوج میں شامل تھے جب کہ بعض کا تعلق مواصلاتی اداروں سے تھا۔ 2014ء میں جنوبی لبنان کی موثر جماعت حزب اللہ نے بھی ایک جاسوسی نیٹ ورک کا انکشاف کرتے ہوئے اسرائیل کے لیے مخبری کرنے تنظیم ہی کے ایک عہدیدار کو حراست میں لیاتھا۔